گوادر باڑ منصوبہ قابل قبول نہیں: عبدالمالک بلوچ

Dec 23, 2020 | 10:22:AM

کوئٹہ: نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر اور سابق وزیر اعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا ہے کہ گوادر باڑ کا منصوبہ کسی بھی صورت قابل قبول نہیں ہے اور باڑ کا منصوبہ ماسٹر پلان کا حصہ بتاکر غلط بیانی کی جا رہی ہے۔

تفصیلات کے مطابق بی این پی کے مرکزی رہنماء ایم پی اے گوادر میر حمل کلمتی اور پی ڈی ایم کے دیگر رہنماؤں کے ہمراہ پریس کلب گوادر میں پر ہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران عبدالمالک بلوچ نے کہا کہ  راتوں رات باڑ لگا کر ساحل گوادر کو بلوچستان سے جدا کرنے کے منصوبے پر کام شروع کیا گیا ہے، باڑ کے منصوبے کی بھر پور سیاسی مزاحمت کی جائے گی۔سابق وزیر اعلیٰ بلوچستان نے  کہا کہ گوادر میں باڑ لگانے کا منصوبہ مشرف دور میں گوادر کو وفاق کا زیر انتظام علاقہ قرار دینے کی کڑی ہے۔

واضح رہے  کہ اس دور میں سیاسی اور جمہوری مزاحمت دیکھ کر وفاق نے یہ منصوبہ ترک کر دیا ،لیکن اس پر دوبارہ عمل درآمد کی کوشش کی جا رہی ہے۔ڈاکٹر عبدالمالک کا کہنا تھا کہ گوادر سے زیادہ اسلام آباد اور کوئٹہ سمیت دیگر بڑے شہر حساس ہیں لیکن وہاں پر باڑ لگانے کی ضرورت پیش نہیں آرہی، اب یہ شوشہ چھوڑا گیا ہے کہ باڑ ماسٹر پلان کا حصہ ہے لیکن اس حوالے سے حکام غلط بیانی سے کام لے رہے ہیں۔ انہوں نے مزیدکہا کہ باڑ کے خلاف عنقریب پی ڈی ایم کا مرکزی جلسہ گوادر میں منعقد کیا جائے گا۔
 

مزیدخبریں