(24نیوز)قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کے وکیل نے قومی کپتان پر ہراسانی کا الزام عائد کرنے والی خاتون پر مسلسل ڈیل کرنے کا الزام عائد کردیا۔
لاہور کی سیشن عدالت میں کپتان بابر اعظم کے خلاف جنسی ہراسانی کا مقدمہ درج کرنے پر سماعت ہوئی۔ بابر اعظم کے وکیل نے قومی کپتان پر سنگین نوعیت کے الزامات لگانے والی خاتون حامزہ مختار کی جانب سے مسلسل ڈیل کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ ان کے موکل کو بلیک میل کرنے کےلیے کیس کو التوا کیا جارہا ہے۔
وکیل بابر اعظم کے مطابق خاتون کی جانب سے پہلے ایک کروڑ مانگا گیا اور اب 20 لاکھ روپے پہ آگئی ہے، لیکن ہم نے انہیں ایک روپیہ بھی نہیں دینا۔ بابر اعظم نے روانگی سے قبل ہمیں پاور آف اٹارنی دیا۔ خاتون نے جو بھی الزامات لگائے وہ بابر اعظم کو بدنام کرنے کےلیے لگائے۔ وکیل نے عدالت سے استدعا کرتے ہوئے کہا عدالت آج ہی اس کیس کا فیصلہ سنائے۔واضح رہے کہ حامزہ مختار نامی خاتون نے ایک پریس کانفرنس کے دوران بابر اعظم پر جنسی زیادتی، تشدد، شادی کا جھانسہ دے کر دھوکا دینے اور مال بٹورنے کے سنگین نوعیت کے الزامات عائد کیے تھے۔