اپوزیشن سے مذاکرات کے دروازے بند نہیں کئے : شاہ محمود قریشی
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ اپوزیشن سے مذاکرات کے دروازے بند نہیں کئے، پی ڈی ایم اپنے استعفے31 دسمبر تک اسپیکر کے پاس پہنچائے ورنہ یہ ڈرامے بازی بند کرے۔
ملتان میں میڈیا سےگفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ اپوزیشن والے جس ایشو پر بات کرنا چاہتے ہیں ہم تیار ہیں۔ آپ آنا چاہتے ہیں تو آیئے آپ کی خاطر خدمت کریں گے، اپوزیشن سے قومی ایشوز پر بات ہو سکتی ہے لیکن مقدمات پر بات نہیں ہوگی، کرسیاں آتی جاتی دیکھی ہیں، اپوزیشن والے استعفے دینا چاہتے ہیں تو شوق پورا کرلیں اور اگر لانگ مارچ کرنا چاہتے ہیں تو وہ بھی ضرور کریں، ہم استعفوں اور مارچ کی دھمکیوں سے ڈرنےو الے نہیں، 31 دسمبر تک آپ کے استعفے اسپیکر تک پہنچنے چاہئیں، اگر نہیں پہنچتے تو یہ ڈرامے بازی بند کی جائے۔
وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ اپوزیشن جو بیانیہ لے کر چل رہی ہے اس میں (ن) لیگ اور جے یو آئی پوری طرح متفق نہیں، استعفوں کے معاملے پر اپوزیشن جماعتیں تقسیم ہیں، پیپلزپارٹی میں بااختیار کوئی اور ہے اور دکھاوے والا کوئی اور ہے، آج بھی ان کے فیصلے آصف زرداری کرتے ہیں۔
شاہ محمود قریشی نےمزید کہا کہاپوزیشن نے فیٹف قانون سازی پر نیب قوانین میں ترامیم کا مطالبہ کیا، اس مطالبے کا مطلب این آراو تھا، یہ اقدام (ن) لیگ اور پیپلزپارٹی نے اپنے ادوار میں کیوں نہیں کئے، آپ نے نیب میں ترامیم نہیں کیں تو یہ غفلت آپ کی ہے، یہ ذاتی ایجنڈا تھا جس پر وہ سودا کرنا چاہتے تھے، نیب ترامیم کو فیٹف کے ساتھ نہ جوڑیں یہ قومی اہمیت کامعاملہ ہے، برملا کہہ رہا ہوں نیب میں بہتری کی گنجائش ہے لیکن سودا نہیں کریں گے۔