سلیم مانڈوی والا اداروں کو دھمکا رہے ہیں: شہزاد اکبر
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)شہزاد اکبر کا کہنا ہے کہ سینٹ الیکشن میں پیسے والے لوگ آگے آ جاتے ہیں، ڈپٹی چیئرمین سینٹ ذاتی مفادات کی خاطر اداروں کو دھمکا رہے ہیں، ایسا نہیں کرنے دیں گے، ارکان پارلیمنٹ ان کیخلاف کھڑے ہوں گے۔
معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ نیب قوانین پر اپوزیشن کے مسودے کا ہر حرف این آر او ہے، ریلیف دینے سے انکار پر پی ڈی ایم کو بنایا گیا، ترامیم جن لوگوں نے کیں سب احتساب بیورو کے ملزم ہیں، سلیم مانڈوی والا ذاتی مفاد کیلئے عہدے کا استعمال نہیں کرسکتے۔
انہوں نے مزید کہا ایف اے ٹی ایف نے مالیاتی نظام میں شفافیت لانے کے اہداف دیئے، قانون سازی کیلئے اپوزیشن سے تعاون مانگا گیا، اپوزیشن نے فیٹف کو بھی متنازعہ بنایا اور بےبنیاد باتیں کیں، اپوزیشن نےفیٹف قوانین پر ایک ہی مطالبہ کیا، پیپلزپارٹی، (ن) لیگ نے نیب قوانین میں ترامیم سے متعلق بات کی، دونوں جماعتوں نے کہا نیب ترامیم کے بعد ہی فیٹف میں ساتھ دیں گے۔
شہزاد اکبر کا کہنا تھا کہ اپوزیشن نے نیب قوانین میں 34 ترامیم کیلئے مسودہ پیش کیا، مطالبہ کیا گیا کہ نیب قوانین کا اطلاق 1999 کے بعد سے کیا جائے، یہ چاہتے تھے ماضی کی لوٹ مار اور غیر قانونی اقدامات پر معافی مل جائے۔ انہوں نے کہا کہ ڈپٹی چیئرمین سینٹ کہہ رہے ہیں وہ نیب کو بے نقاب کریں گے، ڈپٹی چیئرمین سینٹ کو عہدہ قانون سازی کیلئے ملا، سلیم مانڈوی والا عہدے کو ذاتی مفادات کیلئے استعمال نہیں کرسکتے، ڈپٹی چیئرمین سینٹ کے پاس عہدہ امانت ہے۔