(24 نیوز)عدالت کی متعلقہ ایس ایچ او کو الزام علیہ کی حاضری یقینی بنانے کی ہدایت ، ایس پی ہیڈکوارٹرز سے بھی 24 دسمبرکو رپورٹ طلب کرلی۔
تفصیلات کے مطابق لاہور کی مقامی عدالت نے پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے 13 دسمبر کو مینار پاکستان کے جلسے میں پنجابیوں کے خلاف تقریر پر پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی کوکل طلب کرلیا۔
درخواست گزارمدثرچوہدری ایڈووکیٹ کی جانب سے سیشن کورٹ میں درخواست جمع کرائی گئی جس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ محمودخان اچکزئی نے 13 دسمبر کے جلسے میں پنجابیوں کے خلاف نفرت انگیز تقریر کی۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ ان کے بیان سے پنجابیوں کے جذبات مجروح ہوئے لہٰذا عدالت محمود اچکزئی کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دے۔درخواست پر ایڈیشنل سیشن جج رضوان عزیز نے سماعت کی اور محمودخان اچکزئی کو نوٹس جاری کرتے ہوئے کل طلب کر لیا۔عدالت نے حکم دیا کہ محمود اچکزئی خود یا اپنے وکیل کے ذریعے پیش ہوسکتے ہیں۔