(24 نیوز)کراچی سمیت سندھ کے چند اضلاع میں بارش کی پیشگوئی کے بعد صوبے میں الرٹ جاری کردیا گیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ کے مختلف اضلاع میں ہفتہ اور اتوار کو بارشوں کا امکان ہے جس کے بعد پی ڈی ایم اے سندھ نے الرٹ جاری کیا ہے۔پی ڈی ایم اے سندھ کی جانب سے جاری الرٹ میں کہا گیا ہے کہ حیدرآباد، سکھر، میرپور خاص، دادو، جامشورو، لاڑکانہ، شہید بے نظیر آباد میں بارشوں کا امکان ہے۔ پی ڈی ایم اے نے بلدیاتی اداروں سمیت ضلعی انتظامیہ کو بارشوں سے نمٹنے کے لیے اقدامات کی ہدایت کی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:تحریک انصاف کے ایم این اے نے اہم عہدے سے استعفیٰ دیدیا
ڈائریکٹر محکمہ موسمیات سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ مغربی سسٹم 25 دسمبرکو بلوچستان سے ملک میں داخل ہوسکتا ہے، اس سسٹم کے تحت کراچی میں 26 اور 27 دسمبر کو ہلکی بارش کا امکان ہے۔
دوسری جانب اسلام آباد سمیت پنجاب کے بیشتر اضلاع میں مطلع جزوی ابر آلودموسم خشک اور سرد جبکہ بعض میدانی علاقوں میں دھند اسموگ چھائے رہنےکی توقع ہے۔
خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم شدید سرد اورخشک جبکہ بالائی اضلاع میں مطلع جزوی ابر آلود رہے گا، ہری پور،ایبٹ آباد ، مانسہرہ ،دیر، چترال ، کرم، بونیر، شانگلہ اور سوات میں بارش برفباری ہوسکتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:پیسہ چاہیے بس پیسہ۔۔پاکستانی نوٹوں کے حوالے سے اہم خبر آ گئی
سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم بدستور خشک اور سرد رہے گا، بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک اور سرد جزوی ابرآلود جبکہ شمالی اضلاع میں موسم شدید سرد رہے ۔ساحلی علاقوں میں رات اور صبح کے اوقات میں دھند پڑنے کا امکان ہے، محکمہ موسمیات کشمیر اور گلگت بلتستان میں مطلع ابر آلود رہنے کے ساتھ بارش برفباری کا امکان ہے۔