(24 نیوز)پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ اب وقت آگیا ہے، حکومت کا وفاق میں بیٹھ کر مقابلہ کروں گا۔
ٹنڈوالہ یار میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے آصف زرداری نے کہا کہ لاہور اور اسلام آباد میں بیٹھ کر مخالفین کا مقابلہ کرنے جارہا ہوں، لاہور میں خیمے لگا کر احتجاج کروں گا۔انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی حکومت اور ہمارے درمیان کچھ مسائل ہیں جو چلتے رہیں گے۔
سابق صدر کا کہنا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی جلد اقتدار میں آئے گی اور اس نے ملک کےلئے ماسٹر پلان تیار کیا ہے، اس پلان کے تحت پاکستان خوشحال اور سرسبز ہوگا، ملک کے شہروں، دیہاتوں اور قصبوں کو بنیادی سہولیات فراہم کرتے ہوئے انہیں ترقی دی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں:بجلی 5 روپے 18 پیسے مہنگی کرنے کی درخواست نیپرا کو ارسال
آصف علی زرداری نے کہاکہ موجودہ دور حکومت میں گیس، کوئلے اور تیل جیسے قدرتی وسائل ہونے کے باوجود بھی ملک کی معیشت بڑے نقصانات سے گزر رہی ہے جبکہ گزشتہ 70 سالوں میں کبھی ایسے حالات نہیں دیکھے۔پیپلز پارٹی نے ہمیشہ چھوٹے دعوے لیکن بڑے کام کیے ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ سندھ میں ملک کو چلانے کی طاقت اور صلاحیت موجود ہے، جب بھی پاکستان پیپلز پارٹی اقتدار میں آئی لوگ سمجھتے تھے کہ انہیں اقتدار ملا ہے۔ آصف علی زرداری نے کہا کہ 2008 میں اقتدار میں آنے کے بعد انہوں نے 18ویں ترمیم کا کوئی دعویٰ نہیں کیا تھا لیکن انہوں نے یہ کیا، اس کے علاوہ بلوچستان کے لوگوں کو حقوق دیئے اور شمالی مغربی سرحدی صوبے کو خیبر پختونخوا کا نام دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر وہ اقتدار میں آنے سے قبل تمام مقاصد حاصل کرنے کے دعوے کرتے تو انہیں اقتدار میں آنے نہیں دیا جاتا۔ سابق صدر نے کہا کہ انہوں نے اپنے دور میں تاریخی کارنامے سرانجام دیے، ایسا دیگر حکمران اپنے ادوار میں نہیں کر پائے۔عمران خان یا ان کی حکومت کا نام لیے بغیر ان کا کہنا تھا کہ یہ لوگ درست انداز میں ملک نہیں چلا رہے ہیں، انہوں نے تبدیلی کا نعرہ لگا کر ملک اور معیشت کو تباہ کردیا ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ملک کو تباہی سے بچائے گی کیونکہ یہ ’ہمارا ملک‘ ہے۔ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ عوامی کام کئے ہیں، بلاول اور آصفہ بھٹو کی قیادت میں عوام کی خدمت کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں:40 ، 25 ، 15 اور ساڑھے سات ہزار روپے مالیت کے پرائز بانڈز سے متعلق خاص خبر