سرکاری میڈیکل کالجز میں داخلے کی پہلی سلیکشن لسٹ جاری

Dec 23, 2022 | 19:49:PM

(زاہد چودھری)  پنجاب کے سرکاری میڈیکل کالجز میں داخلے کی پہلی سلیکشن لسٹ جاری کر دی گئی۔

تفصیلات کے مطابق صوبائی داخلہ کمیٹی کا اجلاس وائس چانسلر یو ایچ ایس پروفیسر احسن وحید راٹھور کی صدارت میں ہوا، اجلاس میں سپیشل سیکرٹری ہیلتھ واجد شاہ، وی سی کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر محمود ایاز، وی سی فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی لاہور پروفیسر خالد مسعود گوندل نے شرکت کی،اجلاس میں وی سی فیصل آباد میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ظفر چوہدری، وی سی یونیورسٹی آف چائلڈ ہیلتھ پروفیسر مسعود صادق سمیت نشتر میڈیکل یونیورسٹی ملتان اور راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی کے نمائندوں نے  ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔ 

 صوبائی داخلہ کمیٹی کی منظوری کے بعد  ایم بی بی ایس کی پہلی سلیکشن لسٹ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز نے اپنی ویب سائٹ پر جاری کردی،اجلاس میں میرٹ کے مطابق سلیکشن لسٹ کی تیاری پر کمیٹی ارکان کا اظہار اطمینان لیا گیا اس کے ساتھ ساتھ سلیکشن لسٹ کی تیاری کے دوران پاکستان میڈیکل کمیشن سے بھی مشاورت کی گئی۔

16 سرکاری میڈیکل کالجز میں اوپن میرٹ ایم بی بی ایس کی 3047 سیٹوں پر داخلے کیے گئے، اوپن میرٹ پر ایم بی بی ایس کیلئے آخری میرٹ 90.5318 فیصد رہا،اوپن میرٹ پر کنگ ایڈورڈ میڈیکل کالج لاہور کا میرٹ سب سے زیادہ 93.55 فیصد رہا، اس کے بعد راولپنڈی میڈیکل کالج راولپنڈی کا میرٹ 93.2318 فیصد ، علامہ اقبال میڈیکل کالج لاہور کا میرٹ 92.6364 فیصد،سروسز انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز لاہور کا میرٹ 92.0955 فیصد،امیر الدین میڈیکل کالج لاہور کا میرٹ 91.7455 فیصد رہا۔

 نشتر میڈیکل کالج ملتان کا میرٹ 91.4939 فیصد،فاطمہ جناح میڈیکل کالج لاہور کا میرٹ 91.3409 فیصد، پنجاب میڈیکل کالج فیصل آباد کا میرٹ 91.1727 فیصد،

گوجرانوالہ میڈیکل کالج گوجرانوالہ کا میرٹ 91.0364 فیصد،قائد اعظم میڈیکل کالج بہاولپور کا میرٹ 90.7606 فیصد، خواجہ محمد صفدر میڈیکل کالج سیالکوٹ کا میرٹ 90.7307 فیصد ،سرگودھا میڈیکل کالج سرگودھا کا میرٹ 90.6879 فیصد رہا۔ 

نواز شریف میڈیکل کالج گجرات کا میرٹ 90.6727 فیصد ،ساہیوال میڈیکل کالج کا میرٹ 90.65 فیصد رہا، شیخ زید میڈیکل کالج رحیم یار خان کا میرٹ 90.5348 فیصد ،ڈی جی خان میڈیکل کالج کا میرٹ 90.5318 فیصد رہا۔

 اوورسیز پاکستانیوں کے لئے مخصوص سیٹوں پر میرٹ 87.6227 فیصد  جبکہ معذوری کے شکار بچوں کے لئے مخصوص سیٹوں پر میرٹ 80.7803 فیصد رہا۔بین الصوبائی (Reciprocal) سیٹوں پر میرٹ 90.4727 فیصد رہا 

سات پسماندہ اضلاع کے لیے مخصوص سیٹوں پر داخلے کیلئے بھی سلیکشن لسٹ جاری کردی گئی، جن میں راجن پور، ڈی جی خان، لیہ، بکھر، لودھراں ، مظفرگڑھ اور میانوالی شامل ہیں۔

تمام سلیکشن لسٹیں یو ایچ ایس کی ویب سائٹ www.uhs.edu.pk پر دیکھی جاسکتی ہیں۔

داخل ہونے والے امیدواران کیلئے اپنی کالج فیس 28 دسمبر تک جمع کروانا لازمی ہے،کالج فیس کا چالان بینک آف پنجاب کے اپلیکیشن پورٹل سے ڈاؤن لوڈ کیا جا سکتا ہے۔

پورٹل کا لنک https://www.bop.com.pk/UHS-2022/Login.aspx ہے۔

امیدوار سرکاری میڈیکل کالجز کی فیس مبلغ 18٫030 روپے بنک آف پنجاب کی کسی بھی برانچ میں جمع کرواسکتے ہیں، فیس جمع کرانے کیلئے امیدوار کو کالج جانے کی ضرورت نہیں

خیال رہے کہ دوسری سلیکشن لسٹ 30 دسمبر کو جاری کی جائیگی۔
 

مزیدخبریں