(ویب ڈیسک) اسلام آباد ہائی کورٹ نے نومبر 2022 کا ایم ڈی کیٹ کا نتیجہ درست قرار دے دیا۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے ایم ڈی کیٹ رزلٹ کے حوالے سے فیصلہ جاری کردیا جس کے مطابق نومبر 2022 کا ایم ڈی کیٹ رزلٹ نومبر 2024 تک درست ہے۔
عدالت نے کہا کہ پٹشنرلائبہ رؤف نے نومبر 2022 میں ایم ڈی کیٹ پاس کیا، جس وقت ایم ڈی کیٹ پٹشنر نے پاس کیا اس وقت قانون کے مطابق رزلٹ 2 سال کے لیے موزوں تھا، پٹشنر نے پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم ڈی سی) کے 14 جولائی 2023 کے پبلک نوٹس کو چیلنج کیا۔
مزید پڑھیں: سندھ میں عام انتخابات کیلئے اپیلٹ ٹریبونلز قائم
اسلام آباد ہائی کورٹ نے اپنے فیصلے میں کہا کہ پی ایم ڈی سی نوٹس میں کہا گیا تھا 2022 کے پاس کردہ ایم ڈی کیٹ پر 2023 میں داخلہ نہیں ملے گا، 2021 کی ریگولیشنز کے مطابق نومبر 2022 کے ایم ڈی کیٹ نتائج دو سال کے لیے موزوں ہیں۔
عدالتی فیصلے میں کہا گیا کہ بعد میں کیے جانے والے ایڈمنسٹریٹو فیصلے سے پٹشنرسے یہ حق واپس نہیں لیا جا سکتا، لہٰذا پٹشنر کا ایم ڈی کیٹ رزلٹ نومبر 2022 سے نومبر 2024 تک موزوں ہو گا، پٹشنر کا کیس میں جو خرچ آیا وہ بھی پی ایم ڈی سی ادا کرے گی۔