(24نیوز) پیپلزپارٹی کے رہنما و سابق صوبائی وزیر شرجیل میمن نے کہا ہے کہ کل سائفر سے متعلق اہم فیصلہ آیا ہے، سائفر ایک بہت بڑا ڈرامہ تھا، سیاسی مقاصدکیلئے کاغذ جلسےمیں لہرایا گیا، سائفر لہرانے سے ملک کو ناقابل تلافی نقصان ہوا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےشرجیل میمن کا کہنا تھا کہ فیصلہ پبلک ہوچکا ہے ، اس پر عوام رائے دے سکتی ہے، فیصلہ دینے والے نہایت قابل احترام ہیں، ملک میں 9 مئی جیسے ہولناک واقعات ہوئے،سائفر ایک بہت بڑا ڈرامہ تھا، سائفرکو غلط طریقے سے استعمال کرنے پرپاکستان کوشدید نقصان ہوا، ان کا کہنا تھا کہ قوم کو گمراہ کیا گیا، آنکھوں میں دھول جھونکی گئی، سابق چیئرمین پی ٹی آئی نے جان بوجھ کر سائفرکو مسئلہ بنایا، بانی پی ٹی آئی نے جان بوجھ کر سائفر معاملے کو سیاسی رنگ دیا۔
سابق صوبائی وزیر شرجیل میمن نے کہا کہ بڑا لیڈر ہمیشہ قوم اور ملک کیلئے قربانی دیتا ہے، 2018 میں عوام کے مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالا گیا، اقتدار کی ہوس کیلئے قومی اداروں کی ساکھ کو داؤ پر لگایا گیا، نوجوانوں کو سوشل میڈیا کے ذریعے غلط پیغام پہنچایا جارہا ہے، میڈیا کی آواز بند کرنے کیلئے اسمبلی میں بل لائے گئے، ہر حکومت کو حق ہے کہ وہ اپنی مدت پوری کرے، ہمارے وزیراعظم کو پھانسی پر چڑھادیا گیا، گزشتہ حکومت کے تمام اقدامات غیرآئینی تھے، ملک میں آئین اور قانون کا بول بالا ہونا چاہیے،ہماری کوشش ہے کہ ملک کو مسائل سے باہر نکالیں۔