پاکستان جنوبی افریقہ کو ہوم گراؤنڈ پرکلین سویپ کر نے والی پہلی ٹیم بن گئی 

308 رنز  کے تعا قب میں  پروٹیز 271 رنز بنا سکے، صدر ، وزیر اعظم ، چئیرمین پی سی بی کی مبارکباد  

Dec 23, 2024 | 09:07:AM
 پاکستان جنوبی افریقہ کو ہوم گراؤنڈ پرکلین سویپ کر نے والی پہلی ٹیم بن گئی 
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز)جنوبی افریقی سرزمین پر پاکستان کرکٹ ٹیم نے تاریخ رقم کردی،گرین شرٹس  جنوبی افریقن ٹیم کو ہوم گراؤنڈ پرکلین سویپ کر نے والی پہلی ٹیم بن گئی۔

جوہانسبرگ میں  کھیلے جا نے والے سیریز کے تیسرے میچ میں  پاکستان نے ڈک ورتھ لوئس کے تحت 36 رنز سے میدان مارا، 308 کے تعاقب میں میزبان ٹیم 271 رنز پر آؤٹ ہوئی۔

 جوہانسبرگ میں فی اننگز 47 اوورز کا میچ رہا، پاکستانی بیٹرز نے میزبان بالرز کی خوب خبر لی۔

 رضوان نے 53، بابرنے 52 رنز کا حصہ ڈالا، تو صائم ایوب نے 101 رنز کی اننگز کھیلی۔ سلمان آغا نےجارحانہ 48 رنز بنا ڈالے۔ ٹوٹل 9 وکٹوں پر 308 تک پہنچ گیا۔

اس ہدف تعاقب میں پروٹیز کی بیٹنگ لڑکھڑائی، قومی بالرز نے 123 پر آدھی ٹیم ٹپکا دی، اس دوران ہینری کلاسن نے ہلچل مچائی اور 81 رنز داغ دیئے۔ شاہین آفریدی نے ان کی وکٹ لے کر پروٹیز کی کمرتوڑ دی۔

 سپنر سفیان مقیم نے چار کھلاڑیوں کو ٹھکانے لگایا اور میزبان اننگز 271 رنز پر دم توڑ گئی۔ جس کے بعد محمد رضوان نے فاتح ٹرافی اٹھائی۔

صائم ایوب کو سیریز میں شاندار کارکردگی دکھانے پر مین آف دی سیریز قرار دیا گیا ۔ 

 جوہانسبرگ میں کھیلے گئے  میچ میں بارش کے باعث ٹاس تاخیر کا شکار ہوا۔ بارش رکنےکے بعد ٹاس ہوا تو جنوبی افریقی کپتان نے ٹاس جیت کر مہمان ٹیم کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ میچ شروع ہونے کے بعد دوبارہ بارش کے باعث میچ روکنا پڑا اور 3 اوورز کم کردیے گئے۔قومی ٹیم نے مقررہ 47 اوورز میں 9 وکٹ پر 308 رنز بنائے۔جنوبی افریقہ کے خلاف تیسرے ون ڈے کے لیے پاکستان ٹیم میں تین تبدیلیاں کی گئیں۔

دوسری جانب صدر آصف علی زرداری ، وزیر اعظم شہباز شریف اور چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے جنوبی افریقہ کےخلاف شاندار فتح پر قومی ٹیم کو مبارکباد دی ہے۔    

 صدرمملکت آصف علی زرداری نے کہا پاکستانی ٹیم نےسیریزکےدوران بہترین کارکردگی دکھائی،امیدہےکہ پاکستان ٹیم مستقبل میں بھی اچھےکھیل کامظاہرہ کرےگی۔

  وزیراعظم شہباز شریف نے کہاکہ قومی ٹیم نے پوری سیریز کےدوران بہترین کھیل پیش کیا،وزیراعظم نےچیئرمین پی سی بی محسن رضا اور ٹیم مینجمنٹ کی بھی تعریف کی۔

 چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا کہ جنوبی افریقہ کو وائٹ واش کرنے پر پاکستانی ٹیم کو دلی مبارک باد پیش کرتا ہوں۔

 صائم ایوب نے پھر اپنی کلاس ثابت کی، سنچری بنا کر فتح میں اہم کردار ادا کیا، محمد رضوان اور بابر اعظم نے اچھی بیٹنگ کی، سفیان مقیم نے عمدہ بولنگ کر کے قوم کے دل جیت لیے۔

محسن نقوی کا کہنا ہے کہ ٹیم ورک کا نتیجہ شاندار کامیابی کی صورت میں سامنے آیا ہے، پاکستانی ٹیم کے کھلاڑی پُراعتماد نظر آئے، جذبے اور محنت سے کھیلے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نے یہ بھی کہا کہ اس جیت سے کھلاڑیوں کا مورال بڑھے گا، چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹ میں بھی پاکستانی ٹیم ایسی ہی کارکردگی دکھائے گی۔