پارا چنار میں قیام امن کیلئے سٹیک ہولڈرز کو کردار ادا کرنا ہو گا: گورنر سندھ
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا ہے کہ پارا چنار میں قیام امن کیلئے تمام سٹیک ہولڈرز کو کردار ادا کرنا ہو گا۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ کامران ٹیسوری کا کہنا تھا کہ کرم میں ادویات اور غذائی قلت کی وجہ سے کئی معصوم بچے زندگی کی بازی ہاگئے، پاراچنار کے لوگوں کو ادویات کی فراہمی ہمارا فرض ہے، پاراچنار میں غذائی قلت کے مسئلے سے فوری نمٹنا ہوگا،انہوں نے کہا کہ اس معاملے کو پاراچنار جا کر اور جرگے کے ساتھ بیٹھ کر حل کرنے کیلئے تیار تھے، ہم مشکل وقت میں وہاں کے لوگوں کے ساتھ کھڑے تھے اور کھڑے رہیں گے، اپنا کردار ادا کر رہے ہیں، معاملات طے پا گئے ہیں، جلد معاہدے پر فریقین کے دستخط ہوجائیں گے۔
کامران ٹیسوری نے مزید کہا کہ دشمن قوتیں ہمارے لوگوں کو آپس میں لڑوانا چاہتی ہیں، اس بار بھی بیرونی طاقتوں کو ناکام کریں گے، 24 دسمبر کو گورنر ہاؤس میں مہاجروں کا دن منا کر کراچی والوں کی مایوسی دور کر دیں گے۔
اس موقع پر وفاقی وزیر تعلیم خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ گورنر ایک آئینی عہدہ ہے لیکن گورنر سندھ نے اس کو ایک عوامی عہدہ بنا دیا ہے، پاکستان کے تمام مذاہب کیلئے گورنر سندھ کے دروازے کھلے ہیں، گورنر سندھ نے عوامی خدمت کی ایک مثال قائم کی، عوامی خدمت کے مثبت نتائج نکلیں گے۔
ایم کیو ایم رہنما فاروق ستار بولے کہ جس دن اس ملک میں ایم کیو ایم کا وزیراعظم آگیا تو ہم سرکاری وسائل سے کیا کچھ نہیں کرسکتے، بجلی کے بلوں کو ختم کیا جا سکتا ہے، معیشت کر ٹھیک کیا جا سکتا ہے، کراچی سے سب سے زیادہ ٹیکس آرہا ہے، منسٹر کی کرسی پر کامران ٹیسوری یا ان جیسا بندہ بیٹھ جائے تو مسائل کیسے حل نہ ہوں۔