(24نیوز)فریڈی فیگرزسوتیلے والدین کا شکر گزار جنہوں نے اسے کوڑے سے اٹھا کر اپنی اولاد سے زیادہ پیار سے پالا اور ہر وہ چیز دینے کی کوشش کی جو ان کے بس میں تھی۔
تفصیلات کے مطا بق فریڈی فیگرز ابھی پیدا ہی ہوا تھا کہ اس کے اصل والدین نے اسے نامعلوم وجوہات کی وجہ سے کوڑے دان کے قریب پھینک دیا۔ آج یہی بچہ بڑا ہو کر ٹیکنالوجی کا ماہر اور کروڑ پتی بن چکا ہے۔ بی بی سی کاکہنا ہے کہ فریڈی فیگرزکے اثاثوں کی مالیت 6 کروڑ 20 لاکھ ڈالرز سے بڑھ چکی ہے۔اس کے سوتیلے والد کی عمر 74 سال اور والدہ کی عمر 66 سال تھی جب انھوں نے اسے گود لیا۔
فریڈی فیگرزنے بی بی سی کو بتایا کہ کلاس فیلوز اور سکول کے ساتھی میرا ماضی یاد دلاتے ہوئے مذاق اڑاتے تھے۔ اس بات کا میرے سوتیلے والد کو پتا چلا تو انہوں نے بس سٹاپ پر آنا شروع کر دیا تاکہ میری حفاظت کر سکیں۔ مجھے شروع سے ہی کمپیوٹرز کا شوق تھا لیکن اس دور میں ہمارے پاس اتنے پیسے نہیں تھے کہ میں اپنی خواہش پوری کر سکوں۔ لیکن ایک مرتبہ میرے والد ایک خراب کمپیوٹر میرے لئے لے آے جسے میں نے سخت محنت سے دوبارہ ٹھیک کر دیا۔ یہی وہ لمحہ تھا جب مجھے پتا چل گیا تھا کہ مجھے مستقبل میں کیا کرنا چاہیے۔
فریڈی جب 17 سال کے ہوئے تو ان کے والد الزائمر میں مبتلا ہو گئے۔ وہ اکثر گھر سے باہر نکل جایا کرتے تھے۔ نوجوان کو خدشہ پیدا ہوا کہ اس کے والد کہیں گم نہ ہو جائیں اس لئے اس نے ان کے جوتوں کیلئے ایسی ڈیوائس تیار کی جس سے ان کی لوکیشن کا پتا چل جاتا تھا۔کچھ سال بعد ہی فریڈی کی بنائی ہوئی یہ ٹیکنالوجی 20 لاکھ سے زیادہ ڈالرز میں فروخت ہوئی۔ بعد ازاں فریڈی نے اپنی ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی بنائی۔ آج ان کی کمپنی کی مالیت کروڑوں ڈالرز تک پہنچ چکی ہے۔
کوڑے کے ڈھیر سے ملنے وا لا بچہ کروڑوں ڈالرز کا مالک بن گیا
Feb 23, 2021 | 00:12:AM