(24نیوز)وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ سینٹ انتخابات میں پنجاب میں تحریک انصاف کے امیدواروں کو کامیاب کرایا جائے گا۔ اپوزیشن صرف شور مچانا جانتی ہے، عوام کی خدمت کرنا ان کے پاس سے بھی نہیں گزرا۔سینٹ انتخابات کے بعد بھی اپوزیشن شور مچاتی رہے گی۔
سینٹ الیکشن میں کامیابی کیلئے وزیراعلیٰ پنجاب متحرک ہوگئے۔ وزیراعلیٰ سے اعجاز چودھری، بیرسٹر علی ظفر، ڈاکٹر زرقا تیمور، عون عباس بپی اور مسلم لیگ (ق) کے کامل علی آغا نے سینٹ الیکشن کے حوالے سے مشاورت کی۔ سیف اللہ خان نیازی ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔ سینٹ کے امیدواروں کو کامیاب کرانے کیلئے لائحہ عمل پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔ اجلاس میں سینٹ الیکشن کے حوالے سے حکمت عملی طے کی گئی۔
اس موقع پر عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ ارکان اسمبلی کے گروپس بنائے جائیں گے، امیدواروں اور گروپس کے مابین بہترین کوآرڈینیشن یقینی بنائیں گے، سینٹ الیکشن کے حوالے سے جلد ہی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس بلایا جائے گا، ارکان اسمبلی کو سینٹ الیکشن کے طریق کار او رووٹ کاسٹ کرنے کے بارے میں بریفنگ دی جائے گی، سینٹ الیکشن میں حکومتی اتحاد کے امیدوار کامیاب ہوں گے۔