(24نیوز)مصر میں ایک شخص بیکری پر طویل قطار کے بعد اپنی مطلوبہ اشیاء نہ ملنے پر غصے میں بے قابو ہوگیا، دکاندار کو آگ لگا کر جھلسا دیا۔
تفصیلات کے مطابق قطار میں کھڑے اپنی باری کا انتظار کرنے والے شخص نے مطلوبہ چیزیں نہ ملنے پر بیکری کے مالک کو آگ لگادی۔غیر ملکی خبر رساں ادارےکے مطابق مصر میں بیکری سے سامان لینے کے لیے آنے والے گاہک کو کورونا ایس او پیز کی وجہ سے لمبی قطار میں کافی دیر تک انتظار کرنا پڑا تاہم جب وہ کاؤنٹر پر پہنچا اور مطلوبہ چیزیں نہ مل سکیں تو وہ غصے میں آگیا۔
ذرائع کے مطابق بیکری کے مالک اور گاہک کے درمیان جھگڑے کے بعد ہاتھا پائی شروع ہوگئی، وہاں موجود لوگوں نے بیچ بچاؤ کی کوشش کی لیکن غصے میں بھپرے گاہک نے پیٹرول سے بھری بوتل میں آگ لگا کر بیکری کے مالک پر پھینک دی۔وہاں موجود دیگر گاہکوں نے بیکری کے مالک کو مزید جلنے سے بچالیا اور ہسپتال منتقل کیا تاہم مالک کا ہاتھ اور چہرہ بری طرح جھلس گیا۔
اس موقع پر وہاں موجود ایک شخص نے اس واقعے کی ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر پوسٹ کردی جو دیکھتے ہی دیکھتےوائرل ہوگئی، پولیس نے واقعے کا نوٹس لے کر ملزم کی تلاش شروع کردی ہے۔