(24نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان سی پیک کا اہم حصہ ہے، سی پیک کے ذریعے اقتصادی روابط وسط ایشیا، سری لنکا تک بڑھائے جاسکتے ہیں، سری لنکا سی پیک سے فائدہ اٹھائے ،دونوںمل کر ترقی کی منازل طے کر سکتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم مہندا راجا پاکساسے ملاقات اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کیلئے مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کے بعدمشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان اور سری لنکا کو دہشت گردی جیسے مسائل کا سامنا رہا ہے جس سے مل کر نمٹا جا سکتا ہے، پاکستان نے ایک دہائی بدترین دہشتگردی کا سامنا کیا، اس دوران پاک فوج کے جوانوں سمیت 70 ہزار سے زائد شہادتیں ہوئیں ۔ اسی طرح سری لنکا کو بھی کئی دہائیوں سے دہشت گردی کا سامنا ہے۔ سری لنکا نے سیاحت کے شعبہ سے ترقی کی تاہم دہشت گردی اور امن و امان کی وجہ سے سیاحت بھی متاثر ہوئی، پاکستان میں بھی دہشت گردی کی وجہ سے سیاحت کا شعبہ متاثر ہوا۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان چینی صدر کے ون بیلٹ پروگرام کا حصہ ہے۔ سی پیک سے وسط ایشیا اور سری لنکا بھی منسلک ہو سکتے ہیں، سری لنکا سی پیک کے ذریعے وسط ایشیا سے روابط کا فائدہ اٹھا سکتا ہے۔
انہوں نے سری لنکن ہم منصب کو دورہ پاکستان کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان بدھ مت تہذیب کا بڑا مرکز ہے، یہاں بدھا کے مجسمے ہیں، گندھارا تہذیب ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ سیاحت کے فروغ کیلئے بدھسٹ ٹرین شروع کریں گے، سری لنکا کے سیاحوں کو بھی دورے کی دعوت دیتے ہیں۔ سری لنکن ہم منصب کی جانب سے دورہ کی دعوت اور شاندار میزبانی پر ان کے شکر گزار ہیں، میں نے سری لنکا کا پہلا دورہ اس وقت کیا جب میں نے کرکٹ کیریئر کا ا?غاز کیا، سری لنکا کی کرکٹ ٹیم کو ٹیسٹ سٹیٹس دینے کیلئے کردار آج بھی یاد ہے، پاکستان میں کرکٹ ورلڈ کپ میں سری لنکا کی تاریخی کامیابی بھی یاد ہے۔
قبل ازیں سری لنکا کے وزیر اعظم مہندا راجا پاکسا نے کہا کہ کورونا وائرس نے ملک کو متاثر کیا ہے، وبا سے قبل سیاحت اور ایوی ایشن کے شعبوں میں سرگرمیوں میں اضافہ ہورہا تھا۔انہوں نے بدھ مت کے پیروکاروں کے لیے سیاحت کے دروازے کھولنے اور کھیلوں کے شعبے میں تعاون پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔
سری لنکا سی پیک سے فائدہ اٹھائے، عمران خان کا بدھسٹ ٹرین شروع کرنے کا اعلان
Feb 23, 2021 | 22:11:PM