(24نیوز)پشاور زلمی نے ملتان سلطانز کو سنسنی خیز مرحلے کے بعد 6 وکٹوں سے شکست دیتے ہوئے ایونٹ کی پہلی کامیابی سمیٹ لی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پشاور زلمی نے ملتان سلطانز کی جانب سے دیئے گئے 194 رنز کے ہدف کو چار وکٹوں کے نقصان پر انیسویں اوور کی آخری گیند پر عبور کر لیا ،کھیل کی آخری شاٹ حیدر علی کھیلی اور چھکا لگا کر اپنی ٹیم کو کامیابی سے ہمکنار کروایا۔پشاور زلمی کی جانب سے کامران اکمل اور امام الحق نے ہدف کے تعاقب میں بیٹنگ شروع کی ، کامران اکمل نے اچھی بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کو اچھا سٹارٹ فراہم کیا لیکن 57 کے مجموعے پر 37 رنز بنا کر عثمان قادر کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔اوپننگ پر آنے والے امام الحق نے جم کر بیٹنگ کی اور ٹیم کو اچھی سپورٹ فراہم کرتے ہوئے 48 رنز کی اننگ کھیلی لیکن وہ بد قسمتی سے نصف سینچری نہ بنا سکےاور 134 کے مجموعے پر رن آﺅٹ ہو گئے۔شرفانے روتھر فورڈ 15 رنز ہی بنانے میں کامیاب ہوئے اور 153 رنز کے مجموعے پر شاہ نواز دھانی کی گیند پر کیچ آﺅٹ ہو گئے۔ٹام کوہلر بہترین انداز میں بیٹنگ جاری رکھے ہوئے تھے اور پشاور زلمی نے جیت کی امیدیں بھی ان سے باند ھ لیں تھی لیکن کھلاڑی 160 کے مجموعے پر شاہ نواز کی گیند پر پیچھے کی طرف شاٹ کھیلتے ہوئے 53 رنز بنا کر کیچ ہو گئے۔