عمرقید کی سزا کاٹنے والے منشیات فروش کی بیوی بھی منشیات فروشی کے الزام میں گرفتار

Feb 23, 2021 | 23:43:PM

(24نیوز) میکسیکو سے تعلق رکھنے والے منشیات کے سمگلر ایل چاپو گوزمان کی بیوی کو امریکا میں منشیات کی سمگلنگ کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا ۔ایما کورونل ایسپورو کو واشنگٹن کے ڈیولز انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے باہر سے گرفتار کیا گیا۔
 امریکی محکمہ انصاف کے مطابق ایل چاپو کی بیوی کورونل ایسپورو کو واشنگٹن ڈی سی کی ایک وفاقی عدالت میں ویڈیو کانفرنس کے ذریعے پیش کیا جائے گا۔ایما کورونل کی طرف سے اپنے خلاف لگائے گئے الزامات پر ابھی کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے۔
واضح رہے کہ ایما کورونل کے شوہر ایل چاپو پہلے ہی امریکاکی قید میں ہیں انہیں منشیات، کوکین، ہیروئن اور چرس عام کرنے کی ایک سازش میں ملوث ہونے پر گرفتار کیا گیا تھا۔ایل چاپو اس وقت نیویارک کے ایک قید خانے میں منشیات کی سمگلنگ اور منی لانڈرنگ کے جرائم میں عمر قیدکی سزا کاٹ رہے ہیں۔ ایل چاپو کو سنہ 2019 میں عمر قید کی سزا ہوئی تھی۔
تریسٹھ سالہ ایل چاپو گوزمان سینالاو کارٹیل نامی منشیات فروخت کرنے والے ایک گروہ کے سربراہ تھے جس کے بارے میں حکام کا کہنا ہے کہ وہ امریکامیں منشیات سمگل کرنے والا سب سے بڑا بین الاقوامی گروہ تھا۔ 2019 میں ان پر چلنے والے مقدمے میں ان کی زندگی کے حیران کن واقعات سامنے آئے جن میں کم سن لڑکیوں کو نشے کی لت میں مبتلا کرنے، ان کا ریپ کرنے کے علاوہ مخالف گروہوں اور اپنے مد مقابل لوگوں کو راستے سے ہٹانے کے لیے قتل کرنے کی تفصیلات بھی سننے کو ملیں تھیں۔
 منشیات کی سمگلنگ کے علاوہ ایما کورونل کے خلاف جن الزامات میں مقدمہ چلایا جائے گا ان میں سنہ 2015 میں اپنے شوہر کے میکسیکو کی ایک جیل سے فرار ہونے کی سازش کرنے کا الزام بھی شامل ہے۔ایل چاپو میکسیکو کی انتہائی محفوظ تصور کی جانے والی جیل ایل تیپانو سے ایک سرنگ کے ذریعے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے تھے۔ ان کے بیٹے نے جیل کے نزدیک ایک گھر خریدا جس کے بعد جیل کے اندر ایل چاپو کو 'جیوگرافیل لوکیشن سسٹم' یا جغرافیائی محل وقوع کی نشاندہی کرنے والی گھڑی سمگل کی گئی اور یوں ایل چاپو کی کوٹھری تک سرنگ کھود کر انھیں جیل سے فرار کروایا گیا۔ اس زیر زمین سرنگ کے اندر ایک چھوٹی سی موٹر سائیکل بھی پہنچائی گئی جس پر بیٹھ کر وہ سرنگ سے نکلے۔

مزیدخبریں