پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما رحمان ملک انتقال کر گئے
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما سابق وفاقی وزیر سینیٹر رحمان ملک انتقال کرگئے۔
تفصیلات کے مطابق سابق وفاقی وزیر رحمان ملک کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کے باعث انتقال کر گئے، ترجمان نے سابق وفاقی وزیر کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ رحمان ملک کچھ وقت سے کورونا وائرس میں مبتلا اور وینٹی لیٹر پر تھے۔
ترجمان کے مطابق رحمان ملک کو سانس لینے میں مشکلات ہوئیں تو انہیں دوبارہ اسلام آباد کے نجی اسپتال میں وینٹیلیٹر پر منتقل کیا گیا تھا لیکن وہ دم توڑ گئے۔
ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ سینیٹر رحمان ملک کے پھیپھڑے کورونا وائرس کی وجہ سے متاثر ہوئے تھے۔ انتقال کے بعد میت کو گھر منتقل کردیا گیا ہے، اہلِ خانہ کے مطابق ان کی نمازِ جنازہ اور تدفین کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
پیپلزپارٹی کے رہنما رحمان ملک نے سوگواروں میں بیوہ اور دو بیٹوں کو چھوڑا ہے۔
رحمان ملک کے اہل خانہ نے کہا ہے کہ ان کی نماز جنازہ 2:30 بجے ایچ ایٹ قبرستان میں ادا کی جائے گی، ان کی قبر ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے برابر میں بنائی جائے گی۔
رحمان ملک کے بھتجے وقاص ملک نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا ہے کہ رحمان ملک کا انتقال ہماری فیملی کا اور ملک کا بڑا نقصان ہے،ان کی نماز جنازہ کل اڑھائی بجے ایچ ایٹ قبرستان میں ادا کی جائے گی۔
وقاص ملک نے مزید کہا کہ رحمان ملک کی بہنیں کینیڈا میں مقیم تھیں جن کا انتظار ہے،بہنوں اور دوسرے فیملی ممبرز کے باہر ہونے کی وجہ سے نماز جنازہ لیٹ کیا گیا ہے۔
سینیٹر رحمان ملک 2008 سے 2013 تک پیپلزپارٹی کے دور حکومت میں وفاقی وزیر داخلہ رہے، ان کا میثاق جمہوریت میں بھی کلیدی کردار رہا ہے۔
پیپلزپارٹی کے رہنما رحمان ملک کا شمار شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کے بااعتماد ساتھیوں میں تھا۔ انہوں نے ملک کی دو بڑی سیاسی جماعتوں پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ ن کے درمیان میثاق جمہوریت میں اہم کردار ادا کیا تھا۔
رحمان ملک کراچی میں پیپلزپارٹی اور ایم کیو ایم کے درمیان اختلافات کی صورت میں پل کا کردار بھی ادا کرتے تھے۔
رحمان ملک کو کراچی یونیورسٹی نے پی ایچ ڈی کی اعزازی ڈگری دی تھی جبکہ حکومت نے بہترین کارکردگی پر انہیں ستارہ شجاعت اور نشان امتیاز سے بھی نوازا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: اہم خبر ۔۔رحمان ملک کی طبیعت انتہائی خراب..وینٹی لیٹر پر منتقل