پروفیسر ڈاکٹر مہدی حسن انتقال کرگئے،سابق صدر آصف علی زرداری کا اظہار افسوس

Feb 23, 2022 | 18:15:PM

پروفیسر ڈاکٹر مہدی حسن انتقال کرگئے،سابق صدر آصف علی زرداری کا اظہار افسوس

(24 نیوز) ناموراستاد ،دانشور اور کالم نویس پروفیسر ڈاکٹر مہدی حسن طویل علالت کے بعد انتقال کر گئے ۔سابق صدر آصف علی زرداری کا ڈاکٹر مہدی حسن کے انتقال پر اظہار افسوس۔

تفصیلات کے مطابق ڈاکٹر مہدی حسن 27 جون 1937 میں پانی پت میں پیدا ہوئے، انکی عمر 85 سال تھی،وہ بائیں بازو کے صحافی اور پنجاب یونیورسٹی میں ماس کمیونیکیشن کے پروفیسر تھے۔ ان کا تدریسی کیریئر 50 سال پر محیط تھا۔ڈاکٹر مہدی حسن نے تعلیم کا آغاز پانی پت سے کیا ،پھر وہ 9 سال کی عمر میں 16 نومبر 1947 کو والدین کے ہمراہ پاکستان ہجرت کر آئے اور یہاں آ کر مزید تعلیم مکمل کی۔ انہیں زمانہ طالب علمی سے ہی صحافت کا شوق تھا، لہذا پی،پی،اے ( موجودہ اے پی پی )کے لئے بطور خبر رساں انہوں نے ساہیوال ( منٹگمری) میں اپنے کیرئیر کا آغاز کیا۔انہوں نے پنجاب یونیورسٹی سے ایم اے صحافت کیا اور بعدمیں پی ایچ ڈی کی ڈگری بھی حاصل کی، ان کے پسماندگان میں اہلیہ رخشندہ حسن اور بیٹے شامل ہیں۔

ڈاکٹر مہدی حسن کے انتقال پر سابق صدر آصف علی زرداری نے انکے خاندان سے ہمدردی اور  افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈاکٹر مہدی حسن جمہوریت اور انسانی حقوق کے موثر آواز تھے ، ان کے انتقال سے جمہوریت اور انسانی حقوق کیلئے بلند ہونے والی آواز خاموش ہوگئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد کی فضاؤں میں پراسرار اڑن طشتری نے ہلچل مچا دی، ویڈیو وائرل

مزیدخبریں