باپ کے ہاتھو ں بیٹا قتل، حیران کن وجہ سامنے آ گئی

Feb 23, 2023 | 00:45:AM

(24 نیوز ) کراچی کے علاقے گلستان جوہر کے ایک گھر سے نوجوان کی خون میں کچلے سر اور خون میں لت پت لاش ملی ہے ۔

تفصیلات کے مطابق  کراچی  میں ایک اندوہناک  واقعہ سامنا آیا ہے ، نوجوان کی لاش اس کے اپنےگھر سے برآمد ہوئی ہے ، پولیس کے مطابق قاتل کو پکڑ لیا گیا ہے اور قاتل اور کوئی نہیں بلکہ نوجوان کا والد ہی ہے ۔

 پولیس رپورٹ کے مطابق  والد نے بیٹے کو نماز نہ پڑھنے پر پہلے سر پر ہتھوڑے مارے اس کے بعد چھڑی کے وارکر کے قتل کیا ۔
   گلستان جوہر بلاک 11 میں رحمانیہ مسجد کے قریب گھر کے اندر سے 24 سالہ محمد سہیل ولد سعید احمد کی لاش برآمد ہوئی، جسے پوسٹ مارٹم کیلئے جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر منتقل کیا گیا ہے ، اے ایس پی شاہراہ فیصل ظفر صدیق چھانگا نے بتایا کہ میڈیکولیگل افسر کی رپورٹ کے مطابق مقتول کو لاش کی برآمدگی سے کچھ دیر قبل ہی قتل کیا گیا، جس پر پولیس ٹیم کو فوری طور پر جائے وقوعہ روانہ کیا گیا۔

عینی شاہدین اور جائے وقوعہ سے حاصل ہونیوالے شواہد کی روشنی میں شاہراہ فیصل پولیس نے مقتول کے والد حاجی محمد سعید کو گرفتار کرلیا۔

اے ایس پی کے مطابق ملزم نے دوران تفتیش اعتراف کیا ہے کہ اس نے ہی اپنے بیٹے کا قتل کیا تھا۔ پولیس کو دیئے گئے بیان میں ملزم حاجی محمد سعید نے بتایا کہ اس نے 2 شادیاں کی ہوئی ہیں اور مقتول محمد سہیل اس کی پہلی بیوی سے بیٹا ہے۔

ملزم کا کہنا تھا کہ اس نے اپنے تمام بچوں کو نماز کی بروقت ادائیگی کی تنبیہ کر رکھی اور تمام بچے وقت پر باقاعدگی سے نماز ادا کرتے ہیں لیکن سہیل اکثر نماز ادا نہیں کرتا تھا، جس پر اسے کئی دفعہ وارننگ دی مگر وہ نہیں سدھرا۔

ملزم نے بتایا کہ بدھ کے روز صبح جب وہ نماز فجر ادا کرکے گھر آیا تو اس نے دیکھا کہ مقتول سو رہا ہے، جس پر اسے غصہ آگیا اور اس نے طیش میں آکر اپنے بیٹے کے سر پر ہتھوڑے سے وار کئے اور پھر چھری کے پہ در پہ وار کرکے اسے قتل کر دیا۔

اے ایس پی کے مطابق پولیس نے ملزم کی نشاندہی پر قتل میں استعمال ہونے والا ہتھوڑا اور چھری برآمد کرلی ہے۔ واقعے کا مقدمہ سرکار کی مدعیت میں قتل کی دفعات کے تحت شاہراہ فیصل تھانے میں درج کرلیا گیا۔

مزیدخبریں