(ویب ڈیسک) تحریک انصاف کے رہنما چودھری پرویز الہٰی نے کہا کہ عدلیہ ہی اس وقت عوام کی امیدوں کا مرکز ہے، امید ہے عدلیہ آئین کی بالادستی کیلئے تاریخی فیصلہ دے گی، الیکشن کی تاریخ کے معاملے پر سپریم کورٹ کے ازخود نوٹس کا خیرمقدم کرتے ہیں۔
لاہور میں چودھری پرویز الہٰی سے محمودالرشید، جلیل شرقپوری، احمد نواز اور دیگر نے ملاقاتیں کیں، محمودالرشید، جلیل شرقپوری نے ان کو پی ٹی آئی میں شمولیت پر پھول پیش کئے،اس موقع پر پرویز الہٰی نے کہا ہے کہ جیل بھرو تحریک میں پارٹی رہنماؤں، کارکنوں اور عوام کا جذبہ قابل ستائش ہے، حقیقی آزادی اور پاکستان کی ترقی کیلئے عمران خان کے ہاتھ مضبوط کرنا ہوں گے،پی ڈی ایم اپنی ناکام سیاست بچانے، مخالفین پر دباؤ کیلئے جھوٹے مقدمے درج کرا رہی ہے۔
سابق وزیر اعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ نااہل حکمران ملک کی معیشت اور امن کیلئے سب سے بڑا خطرہ ہیں،اداروں پر دباؤ ڈال کر اپنی مرضی کی کارروائیاں کرنے کی اجازت ہرگز نہیں دی جائے گی، اب عوام کو عمران خان نے شعور دے دیا اور وہ بیدار ہو چکی ہے۔