(24 نیوز ) وزیر اعظم شہباز شریف کی جانب سے ترکیہ میں ریسکیو آپریشن میں شریک وفد کیلئے تہہ نیتی پیغام جاری کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ترکیہ میں آنے والے حالیہ زلزلے کے بعد ریسکیو آپریشن میں حصہ لینے کے بعد پاکستانی ریسکیو ٹیم کا سکواڈ وطن واپس پہنچ گیا ہے ، جس کی ویڈیو وزیر اعظم شہباز شریف نے جاری کرتے ہوئے لکھا کہ ’’قوم کے ان بہادر اور فرض شناس بیٹوں کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے ترکیہ کے بہنوں، بھائیوں اور بچوں کی زلزلہ کی تباہی کے دوران زندگیاں بچائیں، دن رات انسانیت کے جذبے سے کام کیا، ترکیہ میں ریسکیو آپریشن مکمل ہونے پر ریسکیو 1122 کے دستے کی وطن واپسی کا قابل فخر اور روح پرور نظارہ‘‘۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پاکستانی ریسکیو وفد کے ملک واپسی پر ترک ایئر پورٹ پر ان کو شاندار انداز میں الوداع کیا گیا، ریسکیو ٹیم کیلئے ترک ایوی گیشن سٹاف نے تالیاں بجا کر ان کی خدمات کو سراہا، واضح رہے کہ 6 فروری کو ترکیہ میں 7.8 شدت کا زلزلہ آیا تھا جس نے ہر چیز کو تہہ و بالا کر دیا تھا، اب تک کے اعدادوشمار کے مطابق 50 ہزار سے زائد ہلاکتیں ہو چکی ہیں ۔