(24 نیوز )برطانیہ میں گزشتہ کئی عرصے سے سبزیوں کی قلت جاری تھی جس میں اب شدت آ گئی ہے، سٹورز سے سبزیاں غائب ہو چکی ہیں، جبکہ قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگی ہیں۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے ’’ڈیلی میل ‘‘کے مطابق پارلیمنٹ اجلاس میں شرکت کرتے ہوئے سیکریٹری ماحولیات ’’تھیریس کوفی ‘‘کا کہنا تھا کہ ملک میں جاری سبزیوں کی قلت مزید ایک ماہ تک جاری رہے گی اور یہ بہران مزید سنگین ہو گا، اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے تھیریس کا کہنا تھا کہ ملک میں کھیرا، کالی ، مرچ سلاد کے پتے ، ٹماٹر سمیت دیگر اہم سبزیوں کی قلت ہے ، جس کیلئے خوردہ نوشوں سے بات چیت کی ہے اور ہم اس نتیجے پر پہنچے ہیں کہ مزید ایک ماہ تک ملک کو اس صورتحال کا سامنا رہے گا۔
ماہرین کا کہنا ہےکہ برطانیہ میں سبزیوں کی قیمتو ں میں مزید اضافہ ہو گا، اجلاس میں سیکریٹری صحت سے قیمتوں میں اضافے سے متعلق سوال کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ ہم جانتے ہیں کہ بہت سے لوگوں کو غذائی ضرورت پوری کرنے کیلیے مشکلات کا سامنا ہے اس لیے ایسے افراد کو چاہیے کہ وہ اپنی ضروریات پوری کرنے کیلئے مزید محنت کریں اور مزید کام کریں تاکہ اپنی ضروریات کو پورا کر سکیں، سیکریٹری کی اس بات پر لبرل ڈیموکریٹس کے ممبر پارلیمنٹ نے خوب احتجاج کیا ۔
دوسری جانب ملک کے مشہور اور بڑے سٹورز موریزن ، عالڈی، ٹیسکو اور عاسدا پر سبزیاں نہ ہونے کا بورڈ لگا دیا گیا ہے ، اس کے ساتھ ساتھ عوام نے ضروری سبزیاں خود اگانے کیلئے کچن گارڈننگ کا آغاز کیا تھا جس پر اب ٹماٹر کے پودے بھی ختم ہو گئے ہیں صرف بیج دستیاب ہیں ، جن سے عوام گھر پر پودے اگا کر اپنی ضروریات کو پورا کرنے کی کوشش کریں گے ، سیکریٹری ماحولیات کا کہنا تھا کہ عوام کو چاہیے کہ وہ سیزنل سبزیوں کا استعمال کریں اس سے لوکل کسانوں کو بھی فائدہ ہو گا اور ملک کو بھی ۔