(ویب ڈیسک)تحریک انصاف کے رہنما بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ ہم میدان چھوڑ کر نہیں جائیں گے، آج آئی ایم ایف کو خط لکھیں گے، نگران حکومت صاف شفاف انتخابات کروانے میں ناکام رہی، الیکشن کمیشن فارم 45 کے تحت نتائج جاری کرنے میں ناکام رہا۔
راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ پی ٹی آئی ایسا کوئی کام نہیں کرے گی جس سے ملک کی معیشت کا نقصان ہو، تحریک انصاف کا کوئی قدم جمہوریت کے خلاف نہیں ہوگا،کہا تھا شفاف الیکشن نہیں کرائیں گے تو معیشت کو نقصان ہوگا، یہ خود جمہوریت کو ڈی ریل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں،پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ مطالبہ کیا تھا لیاقت علی چٹھہ اور ان کی فیملی کو تحفظ فراہم کیا جائے، کل سابق کمشنر کا بیان جاری ہوا، عوام اب حقیقت جان چکے ہیں۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ جو فارم 47 جاری ہوئے وہ جعلی ہیں، ہم پارلیمان کا حصہ بنیں گے، ہر حال میں پاکستان میں قانون کی بالادستی اور رول آف لاء چاہتے ہیں، ہم جمہوریت کی جنگ لڑ رہے ہیں، اسی آزادی کیلئے بانی پی ٹی آئی جیل میں ہیں، تحریک انصاف کا کوئی بھی قدم نہ پاکستان اور نہ عوام کےخلاف ہوگا۔
بیرسٹر علی ظفر نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے آئی ایم ایف کا پروگرام جاری رہنا چاہیے، بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے پاکستان کی اکانومی کو بہتر کرنے کی ضرورت ہے،انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے پاکستان میں معاشی اور سیاسی استحکام کی ضرورت ہے، بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے جمہوریت کیلئے جس جس فورم پر آواز اٹھانے کی ضرورت ہے وہ اٹھائیں گے۔