جرمنی میں انتخابات کیسے ہوتے ہیں؟

Stay tuned with 24 News HD Android App

(24نیوز)بظاہر جرمنی کا انتخابی نظام یا طریقہ کار دیگر یورپی ممالک کی طرح ہی ہے، مگر اس میں کچھ چیزیں مختلف بھی ہیں،اس کا پارلیمنٹ "بُنڈسٹاگ" (Bundestag) کہلاتا ہے، جرمنی کا انتخابی نظام مکسڈ میمبر پروپورشنل سسٹم (Mixed Member Proportional System) پر مبنی ہے۔
مکسڈ میمبر پروپورشنل سسٹم کا مطلب یہ ہے کہ ووٹرز کو دو طریقوں سے ووٹ ڈالنے کا موقع ملتا ہے،ایک اپنے حلقے کی نمائندگی کرنے والے امیدوار کیلئے جبکہ دوسرا پارٹی کی ریاستی نمائندگی کیلئےجس میں عام طور پر 10 سے 30 امیدواروں کی فہرست ہوتی ہے۔
1. پہلا ووٹ (Erststimme):
یہ ووٹ براہ راست مقامی امیدوار کو دیا جاتا ہے جو ایک مخصوص انتخابی حلقے سے منتخب ہوتا ہے،جرمنی کو 299 انتخابی حلقوں میں تقسیم کیا گیا ہے، اور ہر حلقے سے ایک امیدوار منتخب ہوتا ہے، ووٹ پارلیمنٹ کی کل ساخت کے نصف کا تعین کرتا ہے، اور اس بات کو یقینی بناتا ہے کہ پارلیمان میں ہر ضلع کی نمائندگی ہو۔
2. دوسرا ووٹ (Zweitstimme):
دوسرا ووٹ پارلیمنٹ کے ایوان زیریں یا 'بنڈس ٹاگ‘ میں پارٹیوں کی طاقت کا تعین کرتا ہے،یہ ووٹ اس بات کا تعین کرتا ہے کہ اس جماعت کی ریاست کی فہرست میں سے کتنے امیدواروں کو بنڈس ٹاگ میں نشستیں دی جائیں گی،یہ ووٹ پارٹی کو دیا جاتا ہے اور اس کا مقصد پارلیمنٹ میں پارٹی کی نمائندگی کا تعین کرتا ہے، اس ووٹ سے پارٹیوں کو ان کے حاصل کردہ قومی ووٹ کی بنیاد پر سیٹیں ملتی ہیں،2025 سے پارلیمنٹ میں نشستوں کی تعداد 630 نشستوں تک محدود کر دی جائے گی۔ 2024 میں انتخابی نظام میں اصلاحات متعارف کرائی گئی تھیں۔
جرمنی کی کُل 83 ملین آبادی میں سے تقریباﹰ 61 ملین ووٹ ڈالنے کے اہل ہیں۔ یعنی یہ ووٹر جرمن شہریت رکھتے ہیں اور 18 سال اور اس سے زائد عمر کے ہیں۔ ایسے جرمن شہری، جو بیرون ملک مقیم ہیں، وہ ڈاک کے ذریعے ووٹ ڈال سکتے ہیں، لیکن ان کے لیے ضروری ہے کہ وہ گزشتہ 25 سالوں کے دوران کم از کم تین ماہ مسلسل جرمنی میں رہے ہوں۔
انتخابی طریقہ:
مقامی انتخابی حلقے: ہر حلقے سے ایک امیدوار منتخب ہوتا ہے، اور یہ انتخاب براہ راست اکثریت کے اصول پر ہوتا ہے۔
پارٹی کی سیٹیں: باقی سیٹیں پارٹیوں کو قومی سطح پر حاصل ہونے والے ووٹوں کی بنیاد پر تقسیم کی جاتی ہیں، یہ طریقہ اس بات کو یقینی بناتا ہے کہ پارلیمنٹ میں ہر پارٹی کو اس کی عوامی حمایت کے مطابق نمائندگی ملے۔
بُنڈسٹاگ کی ساخت:
بُنڈسٹاگ جرمنی کا وفاقی پارلیمنٹ ہے جہاں 630 منتخب نمائندے (ممبران) ہوتے ہیں،یہ پارلیمنٹ جرمنی کی قانون ساز اسمبلی ہے جو قوانین بناتی ہے اور وفاقی حکومت کے کام کاج کی نگرانی کرتی ہے،بُنڈسٹاگ کا انتخاب ہر 4 سال میں ہوتا ہے۔
اتحادی حکومت:
چونکہ جرمنی میں کسی بھی پارٹی کو مکمل اکثریت حاصل کرنا نادر ہوتا ہے، اس لیے اکثر مختلف پارٹیوں کے درمیان اتحاد (coalition) بنائے جاتے ہیں تاکہ حکومت قائم کی جا سکے،جرمنی کا انتخابی نظام تمام شہریوں کو مساوی طور پر رائے دینے کا موقع فراہم کرتا ہے اور یہ ملک کی جمہوریت کو مستحکم رکھنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پاک، بھارت میچ بارش سے متاثر ہوا تو پاکستان سیمی فائنل کیلئے کیسے کوالیفائی کریگا؟