(24نیوز)مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ تحریک انصاف لاہور واپس آئے گی تو گندے انڈوں سے استقبال ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق لاہورمیں خواجہ سعد رفیق کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں یوم یکجہتی کشمیر پارٹی سیکرٹریٹ میں منانے کا فیصلہ کیا گیا۔میڈیا سے گفتگو میں خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ وزیراعظم 6 سال سے فارن فنڈنگ کیس میں حکم امتناعی کے پیچھے چھپے ہوئے تھے، اب انہیں لائیو کوریج یاد آگئی ہے، ہم وزیراعظم کا چیلنج قبول کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ واضح شواہد کے باوجود فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ نہ آیا تو آئندہ الیکشن مشکوک ہوں گے۔
ذرائع کے مطابق لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ احتساب صرف اپوزیشن کے لیے ہے، جادو کا محل گرے گا تو احتساب کا محل بھی قائم نہیں رہے گا، لاہور میں پی ٹی آئی والوں کا استقبال گندے انڈوں سے ہوگا۔چوہدری برادران کو نیب کی جانب سے کلین چٹ ملنے کےسوال پر خواجہ سعد رفیق نے کہاکہ وہ کسی اور کے کیس پر تبصرہ نہیں کرنا چاہتے لیکن اُن سے احتساب کے نام پر انتقام لیا جا رہا ہے۔