(24نیوز) پی آئی اے نے ملائیشیا میں طیارے کو تحویل میں لینے والے کمپنی پیری گرائن ایوی ایشن چارلی لمیٹڈ کو 7 ملین ڈالر کی خطیر رقم ادا کردی گئی ہے،ذرائع کے مطابق پی آئی اے نے رقم کی ادائیگی سے متعلق لندن ہائی کورٹ کے جج کو بھی آگاہ کردیا ہے۔
پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز کی جانب سے گزشتہ روز لندن ہائیکورٹ کے جج کو آگاہ کیا گیا کہ اس نے ڈبلن میں قائم ایرکیپ کے ذریعہ لیز پرلئے گئے دو جیٹ طیاروں سے متعلق کیس میں پیری گرائن ایوی ایشن چارلی لمیٹڈ کو تقریبا 7 ملین امریکی ڈالر ادا کر دیئے ہیں۔سماعت پر ایئر لائن کے وکیل ایرن ہچنس نے جج سےسماعت ملتوی کرنے کیلئے آن لائن درخواست کی تاکہ فریقین لیز ، کرایہ ، سود اور ادائیگی کے معاملات طے کرلیں۔ایئرلائن کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ان کا مؤقف یہ ہے کہ پی آئی اےنے آج رقم ادا کر دی ہے۔عدالت کو سماعت پر بتایا گیا تھاکہ پی آئی اے نے جولائی میں اپنے دعوے میں ترمیم کا مطالبہ کرنے کے بعد سے ادائیگی نہیں کی۔عدالت کو بتایا گیا کہ پی آئی اے 580000 ڈالر ماہانہ طیارے کی مد میں مقروض تھی لیکن اس نے ادائیگی نہیں کی اور قانونی چارہ جوئی شروع کردی۔
پی آئی اے اور ایئرلائن دونوں کے وکلاء نے اس توقع پر گزشتہ روز سماعت اگلی تاریخ تک ملتوی ہونے پر اتفاق کیا کہ کسی معاہدے کے ذریعے پی آئی اے کے خلاف کوئی حکم جاری کئے بغیرپوری رقم ادا کر دی جائے گی ۔
واضح رہے کہ اسی کیس میں ملائیشیا کے حکام نے گذشتہ جمعہ کو کوالالمپور ایئر پورٹ پر پی آئی اے کے بوئنگ 777 کو طیارے کے لیز واجبات کی عدم ادائیگی پر ملائشیا کی ایک مقامی عدالت کے حکم پرقبضے میں لے لیاتھا۔لیزنگ کمپنی نے پی آئی اے کے خلاف اکتوبر 2020 میں لیز کی ادائیگی میں ناکامی پر لندن ہائی کورٹ میں ایک کیس دائر کر دیا تھا جس کی مالیت تقریبا 14 ملین ڈالر تھی اور وہ 6 ماہ کے عرصے سے زیر التواء تھی۔