(24نیوز) جعلی لائسنس معاملے پر پاکستان کو عالمی سطح پر ایک بار پھر شرمندگی کا سامنا کرنا پڑ گیا،اقوام متحدہ نے اپنے اسٹاف کو کسی بھی پاکستانی ائیرلائن سے سفر کرنے سے روک دیا۔
جعلی لائسنس کے معاملے پر غلام سرور کا بیان پاکستان کو اب تک بھاری پڑ رہا ہے۔اقوام متحد کی جانب سے یہ فیصلہ مشکوک لائسنس کی تحقیقات کے باعث کیا گیا جس کے بعد اقوام متحدہ نے اپنے اسٹاف کو افغانستان کے لیے رجسٹرڈ ائیرلائن سے سفر کرنے کی اجازت دی۔واضح رہے کہ چند ماہ قبل وزیر ہوابازی غلام سرور خان نے قومی اسمبلی میں کہا تھا کہ 262 پاکستانی پائلٹس کے لائسنس جعلی ہیں۔غلام سرور خان کے بیان کے بعد جعلی یا مشکوک لائسنس کے الزام کے تحت حکومت نے پاکستان ائیرلائنز (پی آئی اے) کے 141 پائلٹس سمیت 262 پائلٹس کی لسٹ جاری کی تھی۔مشکوک لائسنس والے پاکستانی پائلٹس کا معاملہ سامنے آنے کے بعد یورپی یونین، برطانیہ اور امریکا نے پی آئی اے کی پروازوں پر پابندی عائد کردی۔