(24 نیوز) چیئرمین پاک سرزمین پارٹی مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ عمران خان کے مخالف ہوگے تو نیب کا لیٹر آئے گا،ایم کیو ایم جیسی جماعت کو اب تک نیب کا نوٹس کیوں نہیں آیا ہے۔وفاق اتحادیوں کو بچانے کی کوشش کر رہا ہے،گورنر ہاؤس سیاسی دفتر بنا ہوا ہے۔
کراچی کی احتساب عدالت میں کلفٹن اراضی کی غیر قانونی الاٹمنٹ سے متعلق ریفرنس کی سماعت کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئےمصطفیٰ کمال نے کہا کہ گورنر ہاؤس مخالفین کو کچلنے کیلئے استعمال ہو رہا ہے، گورنرسندھ عمران اسماعیل نے اسے پی ٹی آئی کا آفس بنایا ہوا ہے۔ کراچی اب خاموش نہیں رہےگا، مردم شماری میں شہرکی آبادی کو کم گنا گیا ہے،آبادی کو صحیح گنا جائے تو قومی اسمبلی کی 40 سیٹیں ہوںگی۔انہوں نے کہا مردم شماری پر خاموش ہوئے تو تباہ ہوجائیں گے،وزیر اعظم آپ یو ٹرن کے ماسٹر ہو اس پر بھی یوٹرن لو،مردم شماری پر یوٹرن لوگے تو پچھلے یو ٹرن جائز بنالو گے۔
سماعت کےموقع پر مصطفیٰ کمال و دیگر ملزمان عدالت میں پیش ہوئے جبکہ تفتیشی افسر اور گواہ غیر حاضر رہے۔وکیل درخواست گزار نے عدالت کو بتایا کہ ہمیں جو دستاویزات فراہم کئے وہ پڑھنے کے قابل نہیں، عدالت نے تفتیشی افسر کو نوٹس جاری کرتے ہوئے حکم دیا کہ آئندہ سماعت پر اصل دستاویزات لیکر پیش ہوں۔عدالت نے تفتیشی افسر اور گواہ کی غیر حاضر ی کے سبب کیس کی سماعت 30 جنوری تک ملتوی کردی۔