سندھ پولیس کے شہید ایس پی چودھری اسلم کی زندگی پر بنی فلم کا ٹریلر جاری
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)سندھ پولیس کے شہید ایس پی چودھری اسلم کی زندگی پر بنائی جانے والی فلم چوہدری کا ٹریلر کراچی میں جاری کردیا گیا ہے۔
تفصیلا ت کے مطا بق مقامی ہوٹل میں منعقدہ تقریب میں پولیس افسران، فنکاروں اور شہید کی فیملی کے افراد نے شرکت کی۔فلم میں چوہدری کا کردار ان کے ساتھی پولیس افسر طارق اسلام خان نے بخوبی نبھایا ہے۔لاج پروڈکشن کے بینر تلے بننے والی فلم کے ہدایت کار عظیم سجاد، پروڈیوسر نیہا لاج ہیں۔
فلم چودھر ی کی حمایت سندھ پولیس نے بھی کی، پولیس کے شیر کہلائے جانے والے چوہدری اسلم کا ایک منفرد ہی انداز تھا ۔یہ فلم چودھری اسلم کی ابتدائی زندگی سے لے کر شہادت تک کے سفر پر مبنی فلم ہے ۔ دیگر کرداروں میں معروف اداکار ارباز خان، اداکارہ ثنا فخر، جیا علی، شمعون عباسی شامل ہیں ، ان کے سا تھ سا تھ یاسر حسین، عدنان شاہ ٹیپو، اصفر علی، سلیم معراج، عرفان موتی والا بھی ہیں۔
تقریب میں ڈی آئی جی ایس ایس یو مقصود میمن نے کہا کہ شہید کو اعزاز بخشنے کے لئے یہ فلم بنائی جارہی ہے۔ جو وسائل اور ماحول سندھ پولیس فراہم کرسکتی تھی وہ کئے۔ پولیس پر تنقید ہوتی ہے اور ہم مثبت پہلو نہیں دکھا پاتے۔ اب تک بائیس سو سے زائد شہادتیں سندھ پولیس کی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ طالبان کا نام لینے سے جب لوگ ڈرتے تھے تب ہمارے لوگوں نے ان کا مقابلہ کیا ۔
چو دھر ی اسلم کی بیوہ نورین نے تقریب سے خطا ب میں کہا کہ ہمارے ملک کو ایسے جوانوں کی ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ چوہدری کبھی ڈرا نہیں، اس نے دہشت گرد وں کی آنکھ میں آنکھ ڈال کر جواب دیا۔