(24 نیوز) مسجد الحرام کے انتظامی امور کے سربراہ امام کعبہ ڈاکٹر عبدالرحمان السدیس کا کہنا ہے کہ رواں اسلامی سال کے 6 ماہ کے دوران 10 کروڑ سے زائد افراد نے مسجد الحرام میں نمازیں ادا کی ہیں۔
امام کعبہ ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس نے ام القریٰ یونیورسٹی میں منعقدہ سمینار سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ کووڈ 19 کے بعد رواں اسلامی سال کے 6 ماہ کے دوران مسجد الحرام میں 10 کروڑ سے زائد افراد نے نمازیں ادا کیں جبکہ مسجد الحرام اور مسجد نبویؐ کے خطبات، تلاوت اور مختلف اسباق سے 30 کروڑ سے زائد افراد مستفید ہوئے ہیں۔
امام کعبہ عبدالرحمان السدیس کا مزید کہنا تھا کہ دنیا بھر سے آنے والے عمرہ زائرین سمیت نمازیوں کی سہولت کے لئے خادمین کی تعداد کو بڑھایا جا رہا ہے جبکہ مقدس مقامات کے لئے سفری سہولیات بھی فراہم کی جا رہی ہیں۔