گجرات ڈسٹرکٹ جیل میں پانی اور بجلی نہ ہونے پر قیدیوں کی ہنگامہ آرائی، متعدد اہلکار زخمی، وزیراعلیٰ کا نوٹس

Jan 23, 2023 | 19:53:PM

(24 نیوز)گجرات ڈسٹرکٹ جیل میں قیدیوں کی بجلی کی بندش اور پانی نہ ہونے پر ہنگامہ آرائی، پولیس اہلکاروں سمیت 16 افراد زخمی ،صوفی محمد انور اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ اور آٹھ سے زائد جیل پولیس ملازمین کو یرغمال بنا لیا گیا، وزیراعلیٰ پنجاب نے واقعہ کا نوٹس لے لیا ۔
تفصیلات کے مطابق گجرات ڈسٹرکٹ جیل میں قیدیوں کی جانب سے ہنگامہ آرائی کا واقعہ بجلی کی بندش اور پانی نہ ہونے پر پیش آیا ،جیل میں پانی اور بجلی نہ ہونے پر قیدی بپھرگئے اور اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ کو گالم گلوچ کرتے رہے ،ہنگامہ آرائی کے دوران قیدیوں کی جانب سے پولیس پر پتھراؤکیا گیااورمختلف بیرکوں میں آ گ لگا دی گئی، پتھراﺅسے 16 افراد زخمی ہوئے جن میں دس کے قریب قیدی اور 6 کے قریب پولیس اہلکار زخمی ہیں،قیدیوں نے صوفی محمد انور اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ اور آٹھ سے زائد جیل پولیس ملازمین کو یرغمال بنا لیا ، پولیس کی طرف سے مسلسل آنسو گیس کی شیلنگ کی جا رہی ہے،پولیس کی بھاری نفری اس وقت جیل کے اندر موجود ہے، تاہم حالات کنٹرول کرنے میں ناکام نظر آتی ہے۔
ادھر وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے گجرات جیل میں قیدیوں کی ہنگامہ آرائی کے واقعہ کانوٹس لیتے ہوئے کمشنر گجرات اور آر پی او گجرات کو فی الفور گجرات جیل پہنچنے کی ہدایت کر دی، وزیراعلیٰ پنجاب نے کہاکہ ہنگامہ آرائی پر قابو پانے کیلئے ہر ممکن اقدام اٹھایا جائے،ہنگامہ آرائی کے ذمہ دار قیدیوں کا تعین کیا جائے اور قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔

یہ بھی پڑھیں: بجلی کا طویل بریک ڈاون، کئی شہروں میں انٹرنیٹ اور موبائل سروس متاثر

مزیدخبریں