(24 نیوز) چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ آپ مجھے وزیراعظم منتخب کریں گے تو وعدہ ہے کسی سے سیاسی انتقام نہیں لوں گا۔
چنیوٹ میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان اس وقت جس مشکل میں ہے، ہم سب ایک تاریخی معاشی بحران سے گزر رہے ہیں، مہنگائی، غربت اور بے روزگاری تیزی سے بڑھ رہی ہے، دوسری جانب ہمارے پرانے سیاستدان نفرت اور تقسیم کی سیاست کر رہے ہیں۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ الیکشن اس لیے لڑ رہا ہوں کیونکہ میں تقسیم اور نفرت کی پرانی سیاست کو دفن کرنا چاہتا ہوں، سیاست میں سیاسی دشمنی نہیں سیاسی اختلاف ہونا چاہیئے، سیاست کو دشمنی میں تبدیل نہیں کرنا چاہیئے، ہمیں ایک نئی سوچ اور نئی سیاست لے کر آنی ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے کبھی انتقام کی سیاست نہیں کی، بینظیر بھٹو جب وزیراعظم بنیں تو کہا جمہوریت ہی بہترین انتقام ہے کیونکہ وہ عوام کی خدمت کرنا چاہتی تھیں۔
سابق وزیر خارجہ نے کہا کہ ہم وقت ضائع کرنے کے بجائے آپ کے مسائل کم کرنے کی کوشش کرتے ہیں، میری حکومت میں کوئی کارکن سیاسی قیدی نہیں ہوگا، میری حکومت میں بیٹیوں اور بہنوں کو گرفتار کرنا ہماری ثقافت اور سیاست کا حصہ نہیں ہوگا، اس ملک کو نفرت کی سیاست نے تقسیم کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سیاستدان آپس میں لڑتے رہیں گے تو ملک کے مخالفین فائدہ اٹھائیں گے، میں وزیر خارجہ رہا ہوں جانتا ہوں دنیا بھر میں پاکستان کیخلاف کیا کیا سازشیں ہو رہی ہیں، آپس میں لڑیں گے تو تمام دشمن قوتیں پاکستان اور عوام کو نقصان پہنچائیں گے لیکن ہم یہ کبھی نہیں ہونے دیں گے۔