وقفے وقفے سے برفباری،بارش کب ہوگی؟محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کردی

لاہورکا آلودہ شہروں میں دوسرانمبر،کراچی دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں تیرھویں نمبرپر

Jan 23, 2025 | 09:50:AM

(کومل اسلم،اقصیٰ شیخ) لاہورمیں سردی کو بریک لگ گئی اوردرجہ حرارت 11 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق لاہورمیں موسم خشک ہے اورآئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران بارش کا کوئی امکان موجود نہیں ہے،صبح سویرے ہی سورج کی کرنیں بکھیرنے کا سلسلہ شروع ہوگیاہے۔

لاہورمیں کم سے کم درجہ حرارت 8 اور زیادہ سے زیادہ 19 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا جائے گا۔

ماہرین کے مطابق شہر میں فضائی آلودگی بھی تاحال برقرارہے اور لاہور میں ائیر کوالٹی انڈیکس کی مجموعی شرح 169 ریکارڈ کی گئی،لاہور آلودہ شہروں کی فہرست میں دوسرے نمبر پر آگیاہے۔

دوسری طرف کراچی میں آج رات سے سردی کی شدت میں اضافہ متوقع ہے۔

محکمہ موسمیات کاکہناہے کہ آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران خشک موسم کے ساتھ خنکی محسوس کی جائے گی،24 سے 26 جنوری کے درمیان سردی کی شدت بڑھے گی،24 سے 26 جنوری کے درمیان پارہ سنگل ڈیجٹ میں ریکارڈ کئے جانے کا امکان ہے۔

یہ بھی پڑھیں:فلسطینی طلبا کیلئے 5 ہزار سکالر شپ بڑھانے کااعلان

شہرقائد میں اس وقت موسم سرد اور خشک ہے،موجودہ درجہ حرارت 16 ڈگری سینٹی گریڈ ہے،شمالی سمت سے 11 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوا چل رہی ہے،ہوا میں نمی کا تناسب 49 فیصد ہے۔

اے کیوآئی کے مطابق کراچی شہر کا فضائی معیار بدستور مضر صحت  ہے اوردنیا کے آلودہ ترین شہروں میں کراچی تیرہویں جبکہ پاکستان کے آلودہ ترین شہروں میں تیسرے نمبر پر موجود ہے ،ہوا میں آلودہ ذرات کی مقدار 165 پرٹیکیولیٹ میٹر ہے۔

اے کیو آئی  کے مطابق کراچی کے آلودہ ترین علاقوں میں سر فہرست گلشن اقبال،دوسرے نمبر پر شاہراہ فیصل اور تیسرے نمبر پر کورنگی موجود ہے۔

بارش اور برف باری کے بعد شمالی بالائی بلوچستان کی رابطہ سڑکیں آمدورفت کیلئے بند ہوگئیں، آزاد کشمیر،گلگت بلتستان،خیبرپختونخوا کے پہاڑی علاقوں میں بھی وقفے وقفے سے برفباری جاری ہے، برفباری کے باعث متعدد بالائی علاقوں کا زمینی رابطہ منقطع ہے۔

محکمہ موسمیات کی جانب سے اسلام آباد اور گردونواح موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں بھی موسم سرد اور خشک جبکہ بالائی اضلاع میں شدید سرد رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے جبکہ مری، گلیات اور گردونواح میں موسم شدید سرد اور مطلع جزوی ابر آلود رہے گا، بہاولنگر، بہاولپور،ملتان،رحیم یارخان، اوکاڑہ اور ساہیوال میں ہلکی سے درمیانی دھند چھائی رہ سکتی ہے۔

سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اورخشک رہنے کا امکان ہے جبکہ سکھر، موہنجوداڑو، شہید بینظیر آباد، لاڑکانہ اور گردونواح میں ہلکی دھند متوقع ہے، بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک جبکہ شمالی اضلاع میں شدید سردرہنے کا امکان ہے، کشمیر اور گلگت بلتستان میں موسم شدید سرد اور مطلع جزوی ابر آلود رہنے کی پیشگوئی ہے۔

 

 

مزیدخبریں