صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دور میں پاک امریکا تعلقات کو نئی جہت ملے گی: محسن نقوی

امریکا پاکستان کا انتہائی اہم سٹریٹجک پارٹنر، صدر ڈونلڈ ٹرمپ دنیا کیلئے امن کی امید بنے ہیں

Jan 23, 2025 | 12:56:PM

 (24نیوز) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دور میں پاک امریکا تعلقات کو نئی جہت ملے گی۔

وفاقی وزیر محسن نقوی نے امریکی کانگریس مین جو ولسن اور کانگریس مین روب بریسنہان سے الگ الگ ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور پاک امریکا تعلقات کے فروغ کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران پاکستان اورامریکا کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے  کے علاوہ اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل کیلئے اقدامات پر بھی گفتگو کی گئی۔

ملاقات کے دوران علاقے میں پائیدار امن کے قیام خصوصاً افغانستان کی صورتحال پر بھی گفتگو ہوئی، ملاقاتوں میں پاک امریکا تعلقات کو مزید فروغ کے عزم کا اظہار کیا گیا، دونوں ممالک کے درمیان تجارتی و ثقافتی وفود کے باہمی تبادلے بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے پاک امریکا تعلقات کے فروغ کے لئے ہر سطح پر مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی اور کانگریس مین جو ولسن اور کانگریس مین روب بریسنہان کو پاکستان کے دورے کی دعوت دی۔

اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ امریکا پاکستان کا انتہائی اہم سٹریٹجک پارٹنر ہے، پاکستان اور امریکا کے تعلقات کئی دہائیوں پر محیط ہیں، صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا خطاب یقیناً عالمی امن اور تنازعات کے حل میں انتہائی حوصلہ افزا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:وزیراعظم کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا آج ہونے والا اجلاس ملتوی

محسن نقوی نے مزید کہا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ دنیا کیلئے امن کی امید بنے ہیں،ان کے دور میں پاک امریکا تعلقات کو نئی جہت ملے گی۔

امریکا میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ بھی اس موقع پر موجود تھے۔

مزیدخبریں