وزیراعلی کے انتخاب سے متعلق کیس: حکمران اتحاد کا بڑا مطالبہ آگیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک) حکمران اتحاد کا مشترکہ متفقہ اعلامیہ جاری کر دیا گیا۔ جس میں کہا گیا کہ حکمران اتحاد میں شامل تمام جماعتیں چیف جسٹس پاکستان سے پر زور مطالبہ کرتی ہیں کہ وزیر اعلی پنجاب کے انتخاب سے متعلق مقدمے کی سماعت فل کورٹ کرے۔
حکمران اتحاد کے مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا کہ قرین انصاف ہوگا کہ عدالت عظمیٰ کے تمام معزز جج صاحبان پر مشتمل فل کورٹ، سپریم کورٹ بار کی نظرِ ثانی درخواست، موجودہ درخواست اور دیگر متعلقہ درخواستوں کو ایک ساتھ سماعت کے لئے مقرر کر کے اس پر فیصلہ صادر کرے، کیونکہ یہ بہت اہم قومی، سیاسی اور آئینی معاملات ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:وزیراعلی پنجاب کے انتخاب کا معاملہ: سپریم کورٹ کا بڑا حکم
اعلامیے میں کہا گیا کہ اس کے نتیجے میں پیدا ہونے والے سیاسی عدم استحکام کی بھاری قیمت قومی معیشت دیوالیہ پن کے خطرات اور عوام مہنگائی، بے روزگاری اور غربت کی صورت ادا کر رہے ہیں، عمران خان بار بار سیاست میں انتشار پیدا کر رہا ہے جس کا مقصد احتساب سے بچنا، اپنی کرپشن چھپانا اور چور دروازے سے اقتدار حاصل کرنا ہے۔
حکمران اتحاد کی جانب سے جاری اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ آئین نے مقننہ، عدلیہ اور انتظامیہ میں اختیارات کی واضح لکیر کھینچی ہوئی ہے جسے ایک متکبر آئین شکن فسطائیت کا پیکر مٹانے کی کوشش کر رہا ہے، یہ دراصل پاکستان کے آئین، عوام کے حق حکمرانی اور جمہوری نظام کو بھی معیشت کی طرح دیوالیہ کرانا چاہتا ہے۔ یہ سوچ اور رویہ پاکستان کے ریاستی نظام کے لئے دیمک بن چکا ہے۔
حکمران اتحاد میں شامل جماعتیں اس عزم کا واشگاف اعادہ کرتی ہیں کہ آئین، جمہوریت اور عوام کے حق حکمرانی پر ہرگز کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، ہر فورم اور ہر میدان میں تمام اتحادی جماعتیں مل کر آگے بڑھیں گی اور فسطائیت کے سیاہ اندھیروں کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گی۔