(24 نیوز) وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ تحریک انصاف نے جس فیصلے پر خوشیاں منائیں وہی ان کے آڑے آگیا، عمران نیازی قوم کو گمراہ اور تقسیم کر رہے ہیں، یہ شخص فساد فی الارض اور قوم کے ذہن کو آلودہ کرنے کے لیے پروپیگنڈا کر رہا ہے۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ ہم عدالتوں کا احترام کرتے ہیں اور چاہتے ہیں کہ عدالتوں کا احترام کیا جائے لیکن کل انہوں نے سپریم کورٹ رجسٹری کے باہر ہنگامہ آرائی کی، عمران خان کے غنڈوں نے سپریم کورٹ کی دیواریں پھلانگیں اور زبردستی دفاتر میں داخل ہوئے مگر متعلقہ تھانے کو کوئی شکایت نہیں دی گئی۔
وفاقی وزیر نے کہا ہے کہ عمران خان الیکشن جیت کر بھی الیکشن کمیشن کو گالیاں دیتے ہیں اور اداروں کو گالیاں نکالتے ہیں ان کی کسی بات پر یقین ہی نہیں کرنا چاہیے۔
وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کا ٹولہ جھوٹا پروپیگنڈا کرنے میں مہارت رکھتا ہے، کہا گیا حکومت دھاندلی کر رہی ہے، کبھی کہا گیا کہ ایک ایک ووٹ کے بدلے 40، 40 کروڑ روپے دیئے گئے حالانکہ کسی ایک بندے کا ووٹ بھی ادھر سے ادھر نہیں ہوا، جو ان کے لوگ تھے انہوں نے ان کو ووٹ دیے اور جو ہمارے لوگ تھے انہوں نے ہمیں ووٹ دیئے، یہ بتائیں کہ کسے پیسے ملے کیا؟ چوہدری شجاعت حسین نے پیسے لئے، عمران خان کے خلاف فارن فنڈنگ ثابت ہو چکی، یہ دو جمع دو کا کیس ہے، الیکشن کمیشن سے مطالبہ ہے کہ فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ فی الفور جاری کیا جائے، انصاف ہونا چاہیے اور ہوتا ہوا نظر بھی آنا چاہیے۔