(علی رامے) بحریہ آرچرڈ ہسپتال میں 8 سالہ بچی نور فاطمہ دل کے کامیاب آپریشن کے بعد مکمل صحت یاب ہو کر ڈسچارج کر دی گئی۔ وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے چیف سیکرٹری، آئی جی پولیس کے ہمراہ بچی نور فاطمہ سے ملاقات کی اور تحائف کے ساتھ گھر کیلئے رخصت کیا۔
وزیراعلیٰ محسن نقوی نے بچی نور فاطمہ کی مکمل صحت یابی اور ہسپتال سے ڈسچارج پر خوشی کا اظہار کیا۔ بچی کی والدہ نے بہترین علاج معالجے اور دیکھ بھال پر وزیراعلیٰ محسن نقوی اور ہسپتال انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔
محسن نقوی کا کہنا ہے کہ اللہ تعالٰی کے فضل و کرم اور بحریہ ہسپتال کے ڈاکٹروں کی محنت سے بچی نور فاطمہ کو نئی زندگی ملی ہے۔ بچی کی خوبصورت مسکراہٹ میں زندگی مسکرا رہی ہے۔ وزیر اعلی محسن نقوی نے بحریہ آرچرڈ ہسپتال کی انتظامیہ اور ڈاکٹرز کا شکریہ ادا کیا۔
مزید پڑھیں: 27سال کی رفاقت ختم،عمران خان کو اہم ساتھی بھی چھوڑ گیا
واضح رہے کہ بچی کے دل کے 2 وال بند تھے اور ڈی ایچ کیو ہسپتال قصور کے دورے کے دوران وزیراعلی محسن نقوی نے بچی کو بحریہ آرچرڈ ہسپتال شفٹ کرنے کی ہدایت کی تھی ۔ بچی کا بحریہ ہسپتال میں مفت آپریشن کیا گیا۔