دلیپ کمار نے شادی کیلئے کب اور کیسے پرپوز کیا ؟ سائرہ بانو نےیادیں مداحوں کیساتھ شیئر کر دیں

Jul 23, 2023 | 10:54:AM

(ویب ڈیسک)پاکستان اور بھارت میں مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، بارش کے بعد گرمی کا زور ٹوٹ گیا ہے ، آسمان صاف ، موسم خوشگوار، ہر سو ہریالی، پرندوں کی چہچہاہٹ اور انسانوں کے چہروں پر رونق دیکھائی دے رہی ہے ، بارش ہم میں سے تقریباً ہر کسی کو پسندہوتی ہے لیکن کچھ لوگوں کی اس بارش سے بے پناہ محبت بیتی یادوں سے منسلک ہوتی ہے ۔ 

بارش سے جڑی ایسی ہی ایک لازوال محبت کی داستان گزشتہ روز  سوشل میڈیا صارفین کو پڑھنے کو ملی جب  بالی ووڈ کے لیجنڈی اداکار دلیپ کمار(یوسف خان مرحوم) کی اہلیہ سائرہ بانو نے انسٹا گرام پر آنجہانی ادکار کی رین کوٹ اور چھتری کے ہمراہ تصویر شیئر کی ،ماضی کی اداکارہ نے دلیپ کمار اور بارش سے جڑی اپنی سنہری یاد کو مداحوں کے ساتھ شیئر کیا۔ 

سائرہ بانو نےاپنے طویل کیپشن میں لکھا کہ بارش کا موسم ان کے لئے اور ان کے اہل خانہ کے لئے ہمیشہ سے ہی خاص اہمیت رکھتا ہے، مون سون کی بارش کی پہلی بوند گرتے ہی ان کے گھر میں جشن کا سماں ہوتا ہے اور ہر کوئی ٹیرس میں بارش کا مزہ لیتا ہے،انہوں نے بتایا کہ دلیپ کمار کو بارش اس قدر پسند تھی کہ جب کبھی وہ کسی میٹنگ میں ہوتے اور بارش شروع ہوجاتی تو انہیں فون کال کرکے خوشی سے بتاتے کہ ’سائرہ بارش ہورہی ہے‘۔

ماضی کی ٹاپ اداکاراؤں میں شمار ہونے والی سائرہ بانو نے زندگی کی سنہری یاد کا تذکرہ کرتے ہوئے مزید لکھا کہ ایک بار وہ اور دلیپ کمار جوہو ساحل پر رات گئے چہل قدمی کر رہے تھے کہ اچانک بارش شروع ہوگئی اور دلیپ کمار نے اپنی جیکٹ ان کے کندھوں پر ڈالی اور گاڑی میں بیٹھنے میں ان کی مدد کی، گاڑی میں بیٹھنے کے بعد ان سے پوچھا کہ ’کیا مجھ سے شادی کرو گی؟‘انہوں نے مزید لکھا کہ دلیپ کمار دل سے کسان تھے اور اس بات پر فخر کرتے تھے کہ وہ پشاور کے ایک پھل فروش کے بیٹے ہیں، انہوں نے بارش کے موسم سے لطف اندوز ہونے کے لئے خاص طور سے ایک ہل سٹیشن بھی خریدا۔سائرہ بانو کے مطابق وہ اور دلیپ کمار اس ہل سٹیشن کی سبز گھاس پر بارشوں کے دوران گھنٹوں چہل قدمی کرتے اور راستے میں پڑے پتھر اٹھاتے اور دور پھینکنے کا مقابلہ کرتے اور وہ ان پتھروں کو جمع کرتیں ، سائرہ بانو نے بتایا کہ ان کے پاس آج بھی کچھ پتھر محفوظ ہیں۔

واضح رہے کہ سائرہ بانو نے حال ہی میں انسٹا گرام کو جوائن کیا ہے اور وہ اپنے مداحوں کیساتھ اپنے بیتے لمحے اور واقعات اکثرو بیشتر شیئر کرتی رہتی ہیں ، انہوں نے اپنی اور دلیپ کمار کی جوانی کی تصویر پر پروفائل پر اپ لوڈ کر رکھی ہے ۔

مزیدخبریں