پاکستان نے 37 سال بعد ورلڈ جونیئر اسکواش چیمپئن شپ جیت لی

Jul 23, 2023 | 11:44:AM

(ویب ڈیسک ) پاکستان 37 سال بعد ورلڈ جونیئر اسکواش چیمپئن شپ اپنے نام کرنے میں کامیاب، حمزہ خان نے جان شیر خان کی یاد تازہ کر دی ۔

تفصیلات کے مطابق آسٹریلیا کے شہر میلبرن میں جاری چیمپئن شپ کے فائنل میں حمزہ خان نے مصر کے محمد ذکریا کو1-3 کے مارجن سے واضح شکست دے دی ، فائنل کے آغاز میں پہلا راونڈ مقابلہ کن تھا جو مصری کھلاڑی نے 10-12 سے اپنے نام کیا اس کے بعد حمزہ خان نے ایسا کھیل دیکھایا کہ حریف کھلاڑی کیساتھ ساتھ شائقین بھی تکتے رہ گئے۔ 

 حمزہ نے دوسرا راؤنڈ 12-14 سے جیتا اس کے بعد انہوں نے حریف کو اپنے قریب بھی نہ بھٹکنے دیا اور تیسرا راؤنڈ3-11اور چوتھا راؤنڈ6-11 سے اپنے نام کرتے ہوئے 37 سال بعد پاکستان کو سکواش کا چیمئپن بنا دیا، حمزہ سے قبل 1986 میں جان شیر خان نے یہ ٹائٹل پاکستان کو جیتوایا تھا۔

اس سے قبل  سیمی فائنل میں حمزہ نے فرانس کے میلول سیانی مینیکو کو تین - دو سے شکست دی، حمزہ اور فرانسیسی کھلاڑی کے درمیان میچ 81 منٹ جاری رہا تھا۔حمزہ خان نے یہ میچ 8-11، 4-11، 12-10، 11-09 اور11-13 سے اپنے نام کیا، حمزہ کی ابتدائی برتری کے بعد فرانسیسی کھلاڑی نے کم بیک کرکے مقابلہ برابر کیا، تیسرے اور چوتھے گیم میں حمزہ برتری لے کر بھی آخر میں اسے برقرار نہ رکھ پائے، فیصلہ کن گیم میں پاکستانی کھلاڑی نے مضبوط اعصاب کا مظاہرہ کیا،میچ کے دوران ریفری نے حمزہ کے خلاف متنازعہ فیصلے بھی دیئے۔

حمزہ خان نے کوارٹر فائنلز میں ملائیشیا کو شکست دے کر ورلڈ جونیئر اسکواش چیمپئن شپ کے سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کیا تھا،خیال رہے کہ آخری مرتبہ 2008 میں عامر اطلس خان نے ورلڈ جونیئر کا فائنل کھیلا تھا۔

مزیدخبریں