(24 نیوز)پی ڈی ایم اورجمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ قرآن، ناموس رسالت اور عقیدہ ختم نبوت ہماری ریڈ لائن ہے سویڈن نے قرآن کی بے حرمتی کرکے ہماری ریڈ لائن کراس کی ہے، مسلمان قرآن کی حفاظت کرنا جانتے ہیں خون کا نذرانہ دے کر قرآن کی حفاظت کریں گے، پاکستان سمیت اسلامی دنیا سویڈن سے سفیر واپس بلوائے، اسرائیل کو پاکستان کے معاملات میں مداخلت کی اجازت نہیں دیں گے پاکستان میں اسرائیل کے ایجنٹس کی کوئی جگہ نہیں ہے، اسلامی دنیا کے اجتماعی ردعمل اور سفیروں کو واپس نہ بلایا گیا تو ہر جمعہ کو احتجاج ہوگا۔
کراچی پریس کلب کے باہر حرمت قرآن مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ آج کا مظاہرہ پاکستان کی سرزمین سے بارش کا پہلا قطرہ ہے،آج کا اجتماع سویڈن میں قرآن کریم کی توہین پر دکھ اور غصہ کا اظہار ہے قرآن کریم کی توہین کسی صورت قابل برداشت نہیں،سویڈن ڈنمارک اور پوری مغربی دنیا کو آگاہ کرتے ہیں ناموس رسالت اور قرآن پر حملہ امت مسلمہ خود پر حملہ سمجھتے ہیں،مسلمان بپھر گئے تو زمین تنگ کردیں گے اور تمہیں کہیں جینے کا موقع نہیں ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ مسلمان وسیع النظر ہیں حضرت محمد ﷺ کی طرح عیسی علیہ السلام اور موسی علیہ السلام کو بھی سچا پیغمبر انجیل اور تورات کو بھی الہامی کتاب سمجھتے ہیں تمام آسمانی کتابوں کی عزت کرتے ہیں۔ انہوں نے مغرب کو مخاطب کرکے کہا کہ یہ تم ہو جس نے انجیل تورات کا حلیہ بگاڑ دیا تم اپنی کتابوں کی حفاظت نہ کرسکے،مسلمان قرآن کے ایک ایک حرف کی حفاظت کرنا جانتا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ عالم اسلام اسلامی دنیا کے حکمرانوں اور ریاست پاکستان سے مطالبہ کرتا ہوں تمام اسلامی دنیا ہر ملک اپنا سفیر سویڈن سے احتجاجا واپس بلائے ان پر واضح ہو کہ اسلامی دنیا قرآن اور پیغمبر کی نبوت کے لیے ایک جان ہے او آئی سی اس بات کا اعلان کرے قرآن کا حق ہے ہمارے اوپرپوری دنیا کو اس طرف بڑھنے سے روکنا ہوگا۔پاکستان کے بارے میں اسرائیلی قیادت کے بیانات پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ اسرائیل پاکستان کے معاملات میں مداخلت کررہا ہے اپنے ایجنٹوں سے اقوام متحدہ میں آواز اٹھاتا ہے،اسرائیل کے ایجنٹس کو پاکستان میں ہمارے ابابیلوں نے شکست دی اسرائیل اور اس کے ایجنٹس کے خلاف مہم جاری رہے گی،میدان نہیں چھوڑیں گے الیکشن سے پہلے بھی بعد مین بھی جنگ جاری رکھیں گے،پاکستان کے معاملات میں اسرائیل کو مداخلت کی اجازت نہیں دی جاسکتی اسرائیل اپنے ایجنٹوں کو تحفظ دینا ہے تو انہیں تل ابیب بلالو یہاں ان کی کوئی جگہ نہیں وطن عزیز کے نظریہ ناموس رسالت قرآن نظام شریعت کو پاکستان میں محفوظ رکھیں گے،ہم نے ہتھیار نہیں ڈالے یہ جنگ آخری لمحات تک جاری رہے گی۔
یہ بھی پڑھیں: میاں محمود الرشید کی جیل میں انتقال کی خبریں ، جیل حکام کا بیان بھی آگیا