مون سون بارشیں ،پی ڈی ایم اے کا الرٹ جاری
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز)وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت لاہور اور پنجاب کے مختلف اضلاع میں بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، پی ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کردیا۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق گوجرانولہ گجرات سیالکوٹ حافظ آباد جہلم لاہور منڈی بہاوالدین اور سیالکوٹ میں بارش ریکارڈ ہوئی،25جولائی تک پنجاب بھر میں مون سون بارشوں کا سپیل جاری رہے گا۔
پی ڈی ایم اے کا کہناہے کہ صوبے کے بیشتر اضلاع میں بارشوں کے امکانات ہیں،23 سے 24 جولائی کے دوران جنوبی پنجاب کے بیشتر اضلاع میں آندھی اور تیز بارش کے امکانات ہیں،بارشوں سے گرمی اور حبس کی شدت میں کمی ہو گی، جبکہ بڑے شہروں کی انتظامیہ الرٹ رہے اور پیشگی انتظامات مکمل کریں ۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان کاٹھیا کا کہنا ہے کہ طوفان سے بجلی کے کھمبوں ، سولر پلیٹوں کو نقصان پہنچ سکتا ہے،موسمی صورتحال کے پیش نظر متعلقہ انتظامیہ کو الرٹ جاری کر دیا ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے کا مزید کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے پیش نظر متعلقہ محکمے الرٹ رہیں،نشینی علاقوں سے پانی کی نکاسی کو جلد ازجلد یقینی بنایا جائے اور پی ڈی ایم اے کنٹرول روم 24 گھنٹے موسمی صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہے۔
یہ بھی پڑھیں:جگر کو نقصان پہنچنے کی 5 عام ترین ابتدائی علامات
پنجاب میں مون سون کا چوتھا سپیل جاری ہے، صوبے کے مختلف شہروں میں ٹھنڈی ہواؤں اور آسمان پر چھائے کالے بادل برسے تو کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش نے موسم خوشگوار بنادیا۔
لاہور میں علی الصبح بارش کے بعد شہریوں کے گرمی سے مرجھائے چہرے خوشی سے کھل اٹھے جبکہ ایبٹ روڈ، مال روڈ، لکشمی چوک، انار کلی بازار، شالیمار، گڑھی شاہو، مال روڈ، کینال روڈ، ہربنس پورہ، ساندہ، قرطبہ چوک، وارث روڈ ، اسلامپورہ و گردو نواح میں بادل برسے، بارش کے دوران لاہور کے کئی علاقوں میں بجلی کی سپلائی بھی متاثر ہوئی۔
اس کے علاوہ اسلام آباد، راولپنڈی، مری، جہلم، مریدکے، گوجرانوالہ، اٹک، وزیر آباد سمیت پنجاب کے متعدد شہروں میں بھی ہلکی اور تیز بارش ہوئی جس سے موسم خوشگوار ہو گیا، شدید بارش کے بعد سڑکیں ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگیں۔
یہ بھی پڑھیں:حکومت اور فلور ملز مالکان کے درمیان مذاکرات کامیاب
دوسری جانب این ڈی ایم اے نے بھی بارش کی وجہ سے اگلے تین دن کے دوران پنجاب کے اضلاع نارووال اور سیالکوٹ میں ہائی لیول فلیش فلڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا ہے، جموں کے بالائی علاقوں میں بارشوں کے باعث نارووال اور سیالکوٹ کے ندی نالوں میں سیلاب آ سکتا ہے۔
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق نالہ ایک، دائیک اور پلکھو میں شدید طغیانی سے ملحقہ علاقے زیر آب آنے کا خدشہ ہے، فلیش فلڈنگ سے ذرائع آمدو رفت میں خلل، عمارتوں، فصلوں اور مویشوں کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔
این ڈی ایم اے الرٹ کے مطابق صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز اور مقامی انتظامیہ کو چوکس رہنے کی ہدایت کی گئی ہے اور کہا گیا ہے کہ خطرے سے دو چار آبادی کی حفاظت کیلئے مناسب اقدامات کئے جائیں۔