مریم اورنگزیب کا قصور کا دورہ،ماحول دشمن بھٹوں کا ’’بھٹہ گول‘‘ کر دیا

Jul 23, 2024 | 12:22:PM
مریم اورنگزیب کا قصور کا دورہ،ماحول دشمن بھٹوں کا ’’بھٹہ گول‘‘ کر دیا
کیپشن: سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب قصور کا دورہ کر رہی ہیں
سورس: 24نیوز
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز)پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ وزیرِ اعلیٰ مریم نواز کی ماحول پر پالیسی دو ٹوک ہے، اسموگ کا سبب بننے والی ہر چیز کیخلاف کارروائی ہو گی۔

سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب نے قصور کا دورہ کیا اور اسموگ کا باعث بننے والے زگ زیگ ٹیکنالوجی کے بغیر چلنے والے  بھٹوں کو گروا دیا،انہوں نے کہا کہ ماحول کو آلودہ کرنے اور اسموگ پھیلانے والے بھٹے اور کارخانے بند ہوں گے۔

مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ پنجاب بھر میں زگ زیگ ٹیکنالوجی کے بغیر ایک بھی بھٹہ نہیں چلنے دیں گے، زگ زیگ کے معیار پر پورا نہ اترنے والا بھٹہ گرا دیا جائے گا،صوبائی وزیر نے کہا کہ پنجاب حکومت نے ماحول دوست پالیسی کے تحت پلاسٹک بیگز پر پابندی لگائی، پنجاب بھر میں اسموگ کے خلاف آپریشن جاری ہے، دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کو بھی چیک کیا جا رہا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ چند پیسے بچانے کے لیے انسانوں کو بیماریوں میں مبتلا کر دیا جاتا ہے ، نوٹسز ہوتے ہیں مگر عمل کوئی نہیں کرتا، اب کوئی رعایت نہیں ہوگی، آلودگی کا باعث بننے والی بااثر افراد کی فیکٹریوں کے خلاف بھی ایکشن لیا جا رہا ہے، ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزی پر زیرو ٹالرنس ہے۔

مسلم لیگ ن کی رہنما نے کہا کہ قصور میں 640 بھٹے ماحول دوست زگ زیگ ٹیکنالوجی پر منتقل کر دیے گئے، مزید 15 بھٹوں کو بھی جلد زگ زیگ پر منتقل کرائیں گے، لاہور، شیخوپورہ اور قصور میں چمڑہ جلانے والی فیکٹریوں کے خلاف بھی کارروائیاں جاری ہیں ، ریاست کے تمام اداروں کو مل کر اپنی ذمہ داری نبھانی ہے۔