(ویب ڈیسک)پاکستان میں غیر شادی شدہ افراد کی تعداد 4 کروڑ 25 لاکھ ہوگئی ہے۔
ڈیجیٹل مردم شماری رپورٹ کے مطابق گزشتہ 6 سالوں میں غیرشادی شدہ افراد کی تعداد میں خطرناک حد تک کا اضافہ ہوا ہے، تقریباً 52 لاکھ افراد کا اضافہ ہوا ہے۔
یاد رہے کہ 2017 میں کی گئی مردم شماری کے مطابق غیرشادی شدہ افراد کی تعداد 3 کروڑ 73 لاکھ تھی جبکی حالیہ ڈیجیٹل مردم شماری کی رپورٹ کے مطابق ملک میں غیر شادی شدہ افراد کی تعداد 4 کروڑ 25 لاکھ ہوگئی ہے۔
ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق پنجاب میں غیر شادی شدہ افراد کی تعداد سب سے زیادہ 2کروڑ 36لاکھ ہے، سندھ 95 لاکھ 86ہزار کے ساتھ دوسرے نمبر پر ، خیبرپختونخوا66 لاکھ 72 ہزار کے ساتھ تیسرے نمبر پر ، بلوچستان 21 لاکھ 81 ہزار کے ساتھ چوتھے نمبر پر جب کہ اسلام آباد 4 لاکھ 86 ہزار کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ملک میں شادی شدہ افراد کی تعداد 9 کروڑ 45 لاکھ ہے اور 6 برسوں میں شادی شدہ افراد کی تعداد میں ایک کروڑ 42 لاکھ کا اضافہ ہوا ہے۔ حالیہ مردم شماری میں طلاق یافتہ اور بیوہ خواتین کی تعداد میں کمی دیکھی گئی ہے، ملک میں طلاق یافتہ خواتین کی تعداد 4 لاکھ 99 ہزار ہے اور 2017 میں طلاق یافتہ خواتین کی تعداد 5 لاکھ 15 ہزار تھی۔
واضح رہے کہ ادارہ شماریات نے 15 سال اور اس سے زائد عمر کے افراد کے ڈیٹا کی بنیاد پر یہ رپورٹ مرتب کی ہے۔