پانی نہ بجلی،پھر بھی ہزاروں روپے کرایہ ، خانہ بدوشوں کی زندگی کتنی مشکل ہے؟ ہوشربا انکشاف
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز)پانی نہ بجلی،پھر بھی ہزاروں روپے کرایہ،جھگیوں میں رہنے والے خانہ بدوشوں کی زندگی کتنی مشکل ہے؟
24 نیوز کے اینکر مناظر علی نے جھگیوں میں رہنے والے کے شب وروز جاننے کیلئے کچھ وقت ان کے ساتھ گزارا۔دوران گفتگو انکشاف ہوا کہ ان خانہ بدوشوں کی زندگی پوش علاقوں میں رہنے والوں سے کتنی مشکل ہے۔
ٹھوکر نیاز بیگ موٹروے کے ساتھ ہی جھگیاں قائم ہیں ۔یہاں دنیا ایک الگ دنیا ہے،جھگی میں موجود ایک خاتون کا کہنا تھا کہ پانی اور بجلی کی محرومی کے باعث زندگی کا گزر بسر بہت مشکل ہے۔ اُنہوں نے بتایا کہ ایک صاحب نے یہاں پانی کا نل لگوا کر دیا ہے جس سے تھوڑا سا صاف پانی اب مہیا ہو رہا ہے لیکن پینے کیلئے صاف پانی پھر بھی باہر سے لانا پڑتا ہے۔
ایک اور خانہ بدوش کا کہنا تھا کہ زندگی کا نظام بہت مشکل سے چل رہا ہے یہاں نہ بجلی ہے اور نہ ہی کوئی صاف جگہ ہے، اپنی زندگی کا گزر بسر بہت مشکل سے چلا رہے ہیں۔ اس معاملے میں حکومت کے بہت سے لوگوں سے بات کرچکے ہیں لیکن کوئی بھی ہماری بات نہیں سنتا ہے۔ یہاں نہانے کا نظام بھی درہم برہم ہے، گندگی کے باعث مکھیوں کی انتہا ہے جبکہ رفع حاجت کیلئے بھی یہاں نظام ٹھیک نہیں ہے مگر پھر بھی یہاں زندگی بسر کرنا ہم لوگوں کیلئے مجبوری ہے۔
ایک اندازے کے مطابق 300 کے قریب جھگیاں اس جگہ پر موجود ہیں۔ یہ ایک شخص کی جگہ ہے جو ہر مہینے ان لوگوں سے 1500 سے 3 ہزار روپے کرایہ لیتا ہے جوکہ 600،000 کے قریب بن جاتا ہے۔ یہاں کے لوگ بہت مشکلات کا سامنا کرتے ہیں جب کبھی ان پاس کرائے کی رقم نہ ہو تو مالک ان پر پیسو ں کیلئے زور ڈالتا ہے جس سے یہ لوگ دوسروں سے مانگ کر کرایہ پورا کر کے دیتے ہیں۔