پی ٹی آئی کا پارلیمنٹ کے باہر بھوک ہڑتالی کیمپ، دائرہ کار پورے ملک میں پھیلانے کا عندیہ

Jul 23, 2024 | 21:01:PM
پی ٹی آئی کا پارلیمنٹ کے باہر بھوک ہڑتالی کیمپ، دائرہ کار پورے ملک میں پھیلانے کا عندیہ
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز) سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی عمر ایوب کا کہنا ہے کہ جب عمران خان کا حکم ہوگا پورے ملک میں بھوک ہڑتال کریں گے، ہمارے سیکرٹری اطلاعات اور دیگر رہنماؤں کو اٹھایا گیا، ملک میں جاری مہنگائی کی لہر اور ملک میں امن کے لیے آج کیمپ لگایا گیا۔

پاکستان تحریک انصاف کا پارلیمنٹ کے باہر بھوک ہڑتالی کیمپ 4 گھنٹے جاری رہنے کے بعد اختتام پذیر ہو گیا ، پی ٹی آئی رہنماؤں کا کہنا ہے کہ عمران خان کی رہائی تک بھوک ہڑتالی کیمپ اسی طرح جاری رہے گا، اس دوران پولیس کی اضافی نفری بھی پارلیمنٹ ہاؤس پہنچی، بھوک ہرتالی کیمپ میں چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) بیرسٹر گوہر، اسد قیصر ، علی محمد خان، قائدخزب اختلاف سینٹ  شبلی فراز ،داوڑ کنڈی، سینیٹر فلک ناز چترالی، شیخ وقاص، سینیٹر ہمایوں مہمند، سینیٹر سیف اللہ ابڑو، لطیف کھوسہ، شبیر علی قریشی، صاحبزادہ صبغت اللہ، ڈاکٹر امجد ، محبوب شاہ اور ساجد مہمند ، سمیت دیگر رہنما بھی شریک ہوئے ۔

بیرسٹر گوہر علی خان میڈیا ٹاک

چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج ہم نے سپیکر قومی اسمبلی کے چیمبر میں ملاقات کرکے اپنے تحفظات کا اظہار کیا، ہم نے سپیکر کو بتایا کہ پی ٹی آئی کے ایم این ایز اور فیملیز کو اٹھایا جاتا ہے، روزانہ 3 سے 7 بجے تک علامتی بھوک ہڑتالی کیمپ جاری رہے گا، بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو بلا وجہ قید کر رکھا ہے، یہ کیمپ بانی پی ٹی آئی کی رہائی تک جاری رہے گا۔

عمر ایوب کی میڈیا سے گفتگو

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی عمر ایوب نے کہا کہ سخت گرمی و حبس میں ہم نے آج یہ کیمپ لگایا ہے، عمران خان نے ملاقات میں کہا کہ میں بھوک ہڑتال کروں گا، ہم نے انہیں ہاتھ جوڑ کر کہا کہ آپ نہیں ہم بھوک ہڑتال کریں گے، جب عمران خان کا حکم ہوگا پورے ملک میں بھوک ہڑتال کریں گے، ہمارے سیکرٹری اطلاعات اور دیگر رہنماؤں کو اٹھایا گیا، ملک میں جاری مہنگائی کی لہر اور ملک میں امن کے لیے آج کیمپ لگایا گیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ تحریک تحفظ آئین پاکستان سے بھی یہ ہی مطالبہ ہے کہ دوبارہ الیکشن کروائے جائیں، ڈی جی آئی ایس پی آر نے کل وزیر داخلہ کی ترجمانی کی، وہ فارم 47 کی حکومت کو سہارا دینا چاہ رہے ہیں، حکومت کی کشتی میں اتنا پانی آگیا ہے کہ ان کو بچانا اب ناممکن ہے۔

شبلی فراز کا اظہار خیال

شبلی فراز نے صحافیوں سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ علامتی بھوک ہڑتالی کیمپ تحریک انصاف کی حکمت عملی کا حصہ ہے، یہ علامتی بھوک ہڑتال اب پورے ملک میں پھیلائیں گے اس کے دائرہ کار کو وسعت دیں گے، بانی چیئرمین اور اہلیہ کو سیاسی قیدی بنا رکھا ہے، ان کی رہائی تک ہماری جہدوجہد جاری رہے گا، حکومت نے پاکستان کو مہنگائی میں جھونک دیا گیا ہے۔

اسد قیصر کی میڈیا ٹاک

اسد قیصر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مریم نواز نے جو عدلیہ کے بارے میں توہین آمیز الفاظ استعمال کئے اس کی مذمت کرتے ہیں، سپریم کورٹ نے بھی کہا ہے تحریک انصاف ایک سیاسی جماعت ہے، کس بنیاد پر ہمارے دفتر پر حملہ کیا گیا؟

یہ بھی پڑھیں: وڈیرے نے فصل میں داخل ہونے پر گدھی کی 2 ٹانگیں کاٹ ڈالیں

انہوں نے حکومت پر تنقید جاری رکھتے ہوئے کہا کہ بلوں میں اضافہ قابل قبول نہیں، اگر کوئی سمجھتا ہے کہ ہم دھمکیوں سے دب جائیں گے تو یہ اس کی غلط فہمی ہو گی، ہمارا مطالبہ ہے بانی پی ٹی آئی عمران خان کو رہا کرکے نئے شفاف انتخابات کروائے جائیں۔