جولائی 2021 کے اختتام تک پٹرولیم بحران کا فارنزک آڈٹ مکمل کیا جائے، کیبنٹ ڈویژن کاFIA کو  خط

Jun 23, 2021 | 11:34:AM

(24 نیوز)پیٹرولیم بحران کے دوران قومی خزانے کو 25 ارب روپے سے زائد کا نقصان پہنچانے کے معاملہ پرکیبنٹ ڈویژن کی جانب سے ڈی جی ایف آئی اے کو لکھے گے خط میں انکوائری کی استدعا کی تفصیلات منظر عام پر آ گئی ہیں۔  

تفصیلات کےمطابق کیبنٹ ڈویژن کے خط میں ایف آئی اے کو جولائی 2021 کے اختتام تک پٹرولیم بحران کا فارنزک آڈٹ مکمل کرنے کی استدعاکی گئی ہے۔پیٹرولیم بحران کے ساتھ ساتھ پٹرولیم مصنوعات میں ملاوٹ کا بھی انکشاف ہونے پر ایف آئی اے کو ملوث کمپنیز کے خلاف تحقیقات شروع کرنے کا کہا گیا ہے۔ خط میں یہ بھی لکھا گیا ہے کہ کم از کم 20 روز کا سٹاک بیک اپ قانون کے باوجود آئل مارکیٹنگ کمپنیز عرصہ دراز سے قانون شکنی کی مرتکب رہیں۔آئل مارکیٹنگ کمپنیز نے فروری، مارچ اور اپریل 2020میں لوکل ریفائنری سے بروقت سٹاک منتقل نہیں کیا۔پٹرولیم مصنوعات کی جعلی فروخت اور ذخیرہ اندوزی کو چھپانے کیلئے جعلی رپورٹس تیار کی گئیں۔ کیبنٹ ڈویژن کے مراسلے کی سفارشات کے مطابق ایف آئی اے کو  کہا گیا ہے کہ آئل مارکیٹنگ کمپنیز کے غیر قانونی نجی آئل ڈپو اور ریٹیل آؤٹ لیٹس پر تحقیقات کی جائیں۔آئل مارکیٹنگ کمپنیز کے خلاف ممنوعہ پٹرولیم مصنوعات کی فروخت میں ملوث ہونے کےحوالے سے بھی تحقیقات کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ1980 میں ہوتی تو پاکستان اور ویسٹ انڈیز میں فائنل ہوتا،آئن بشپ

مزیدخبریں