لاپتہ مدثر نارو کا بازیابی کیس: رپورٹ دو روز میں جمع کرانیکا عدالتی حکم

Jun 23, 2021 | 13:03:PM
لاپتہ مدثر نارو کا بازیابی کیس: رپورٹ دو روز میں جمع کرانیکا عدالتی حکم
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز)اسلام آباد ہائیکورٹ  میں تین سال سے لاپتہ مدثر نارو کی بازیابی کا کیس،جبری گمشدگیوں سے متعلق کمیشن میں جاری کاروائی کی تفصیلی رپورٹ دو روز میں جمع کرانے کا حکم ۔

عدالت نے ہدایت کی کہ  لاپتہ فرد کی فیملی میں کون کون ہے؟ قانونی ورثا کی فہرست جمع کرائیں، جبری گمشدگیوں سے متعلق کمیشن کی رپورٹ جمع نا کرنے پر اسلام آباد ہائیکورٹ برہم ،جسٹس عامر فاروق نے استفسار کرتے ہوئے کہاپچھلی سماعت پر بھی یہی ایشو تھا مجھے سمجھ نہیں آرہی دو سماعتوں سے یہی چل رہا ہے۔

ڈپٹی اٹارنی جنرل راجہ خالد محمود نے کہا ہے کہ کل شام کو کمیشن کی رپورٹ ملی اس لیے برانچ میں جمع نہیں کرا سکے ،جسٹس عامر فاروق نے ڈپٹی اٹارنی جنرل سے استفسار کیا کہ کیا مسنگ پرسن کمیشن حکومت سے بالاتر ہے؟وہ ڈاکومنٹ کیوں نہیں آرہے جو بار بار آپ سے مانگ رہے ہیں ۔

درخواست گزار کی جانب سے وکیل ایمان مزاری ایڈوکیٹ عدالت میں پیش  ہوئے،عدالت نے پوچھا ایجنسیز کی جو اس حوالے سے کمیونیکیشن ہوئی ہے کیا وہ ریکارڈ پر ہے ؟ بریگیڈیئر فلک ناز کی جانب سے ایک فائل عدالت کے سامنے پیش کی گئی عدالت نے فائل پڑھ کر بریگیڈیئر فلک ناز کو واپس کردی ۔

جسٹس عامر فاروق نے پوچھاکمیشن میں کیا کاروائی ہو رہی ہے پراگریس کیا ہے ہم نے وہ دیکھنا ہے ،عدالت نے ایمان مزاری سے استفسار کیا کہ کیا آپ کمیشن کے سامنے پیش ہوئے ہیں ؟جس پر وکیل نے کہا جی مدثر نارو کے باپ پیش ہوئے تھے وکلا کو پیش ہونے کی اجازت نہیں ، 

ڈپٹی اٹارنی جنرل راجہ خالد محمود  نے کہا کہ مانسہرہ میں 2018 کا وقوعہ ہے ،ہم نے دریا میں بھی تلاش کیا ہے،جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ ایک شخص لاپتہ ہو گیا اس کی تلاش ریاست کی ذمہ داری ہے ۔کسی پر الزام نہیں لگایا جا سکتا لیکن حکومت کے پاس بہت ذرائع ہیں شہری کی تلاش آپ کی ذمہ داری ہے۔

عدالت  نے یہ بھی کہا کہ وزارت داخلہ کا کیا مسئلہ ہے کیا؟ درخواست گزار کو کیوں نہیں سنا گیا ؟ وزارت داخلہ نے ان کو کوئی چٹھی لکھی ہو تو بتا دیں ، کسی کا پیارا اس طرح گم ہو جائے تو اس کا کیا اثر ہوتا ہے ہم ان کی جگہ اپنے آپ کو رکھ کر دیکھیں۔کیس کی مزید  سماعت دو ہفتوں کیلئے ملتوی کردی گئی۔

یہ بھی پڑھیں:    سکول میں گھس کراغوا کرنیکی کوشش !!!ٹیچرسڑکوں پر دوڑتی رہی