(24نیوز) ہالی ووڈ کی مشہور فلم ’ٹائی ٹینک‘ کے آسکر ایوارڈ یافتہ ڈائریکٹر جیمز کیمرون نے ٹائٹن آبدوز اور ٹائی ٹینک جہاز حادثے میں مماثلت پر حیرانگی کا اظہار کر دیا ہے ۔
غیر ملکی میڈیا کو دیئے انٹرویو میں جیمز کیمرون کا کہنا تھا کہ ٹائٹن آبدوز کے ساتھ پیش آئے واقعے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ کئی بار ٹائی ٹینک کی باقیات جا کر دیکھ چکا ہوں ،آبدوز کی تیاری میں حائل انجینئرنگ مشکلات اور سیفٹی پروٹوکول جانتا ہوں،ٹائٹینک جہاز کے ملبے کی سیر کیلئے جانے کی خواہش رکھنے والوں کے اس افسوسناک واقعے سے سبق سیکھنا چاہیے۔
ہالی ووڈ ہدایتکار کا کہنا تھا کہ ٹائٹینک جہاز اور ٹائٹن کو پیش آئے حادثے میں مماثلت نے حیرت میں ڈال دیا ہے ٹائٹینک کے کپتان کو بھی خبردار کیا گیا تھا کہ آگے برف کا تودہ ہے،اس کے باوجود کپتان نے اندھیری رات میں پوری رفتار سے جہاز کو چلایااور پھر ایک تودے سے ٹکرا کر سینکڑوں لوگوں سمیت سطح سمندر میں غرق ہو گیا ۔
ٹائی ٹینک کے ملبے تک 33 مرتبہ غوطے لگانے والے جیمز کیمرون نے غیر ملکی میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ کسی چیز سے ٹکرائے یا تباہ کن واقعے کے بغیر ٹائٹن آبدوز کا سطح سمندر سے رابطہ اور نیویگیشن ایک ساتھ منقطع نہیں ہو سکتا،امریکی بحریہ کے ایک اہلکار نے بھی غیر ملکی میڈیا کو بتایا ہے کہ ٹائٹن کا سطح سے رابطہ منقطع ہونے کے فوراً بعد بحریہ کو سمندر میں ایک بے ضابطگی محسوس ہوئی تھی جو کہ کسی چیز کے پھٹنے جیسی تھی۔
یہ بھی پڑھیں:ٹائٹن آبدوز کے تباہ ہونے کا امریکی بحریہ کو کب پتا چلا؟ حیران کن انکشاف نے دنیا کو چونکا دیا
یاد رہے کہ 61 سالہ برطانوی بزنس مین کرس براؤن نے بھی آبدوز کی ٹیکنالوجی اور معیار پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے عین وقت پر سفر سے انکار کر دیا تھا،لاپتہ آبدوز کا ملبہ ملنا شروع ہوگیا ہے جبکہ ٹائٹن آبدوز کمپنی نے مسافروں کی ہلاکت کی تصدیق کردی۔ آبدوز میں پاکستانی بزنس مین شہزادہ داؤد اور ان کے 19 سالہ بیٹے سلیمان داؤد سمیت ٹائٹن کمپنی کے سی ای او بھی سوار تھے۔